مؤقف پر قائم ہوں، کشمیری مہاجرین کی نشستیں ختم نہیں ہونے دیں گے: خواجہ آصف
سیالکوٹ :(دنیا نیوز) وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اپنے مؤقف پر قائم ہوں، کشمیری مہاجرین کی نشستیں ختم نہیں ہونے دیں گے۔
اپنے آبائی علاقے سیالکوٹ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کی باتیں کرنے والوں کو عوام کا جذبہ دیکھ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سیالکوٹ سرحد سے صرف چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور دریائے چناب کے کنارے آباد یہ علاقہ تقسیمِ ہند کے دردناک واقعات کا گواہ ہے۔
وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ جموں کے مسلمانوں نے پاکستان پہنچنے کے لیے تقریباً دو لاکھ چالیس ہزار جانوں کی قربانی دی جب کہ مہاجرین نے اپنی جانوں، املاک اور خاندانوں کی بے مثال قربانیاں پیش کیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جن لوگوں نے خون کی لکیر عبور نہیں کی انہیں گھروں میں بیٹھے آزادی مل گئی لیکن آج وہی لوگ مہاجرین کی مخصوص نشستیں ختم کرنے کی باتیں کر رہے ہیں۔
ان کا دوٹوک انداز میں کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ مہاجرین کی نشستیں ختم نہیں ہوں گی اور پورا پاکستان مہاجرین کی قربانیوں کا مقروض ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ دل کی بات برملا کرتے ہیں اور کبھی منافقت نہیں کی، چاہے اس کی سیاسی قیمت ہی کیوں نہ چکانی پڑے، انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments