حکومت بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی: احسن اقبال

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

پروگرام ’’دنیا مہر بخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ انہیں جیل میں علاج معالجے کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور بہترین ڈاکٹرز کی سہولت بھی دستیاب ہے، اس لیے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے کسی کو تشویش نہیں ہونی چاہیے۔

اُنہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے میں کوئی غفلت نہیں برتی جا رہی، وہ جس سیل میں قید تھے اسی سیل میں موجود ہیں اور انہیں علاج کی تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی نہیں بلکہ سزایافتہ قیدی ہیں، حکومت ان کی صحت کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ اچانک سڑکوں پر آنے کی باتوں میں تیزی آگئی ہے، تاہم اس وقت ملک کو احتجاج اور گھیراؤ جلاؤ کی سیاست کے بجائے معاشی استحکام کی ضرورت ہے، گھیراؤ جلاؤ کی سیاست ملک کے دشمنوں کو فائدہ پہنچانے والی بات ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو بھی جماعت اس وقت سڑکوں کو گرم کرنے کی کوشش کرے گی، وہ دشمن کے تخریبی ایجنڈے کو سپورٹ کرے گی، پورے ملک کو ڈی چوک بنانے کے بجائے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا، پاکستان کو اس وقت اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کی اتحادی ہے اور کہیں نہیں جا رہی، پیپلزپارٹی حکومت کے ساتھ ہے اور رہے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...