آن لائن مالی فراڈ کی روک تھام کیلئے نیشنل سائبر فراڈ کوآرڈینیشن سیل کے قیام کی تجویز

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں آن لائن مالی فراڈ کی روک تھام اور ایسے جرائم کی تحقیقات کو مؤثر بنانے کے لیے نیشنل سائبر فراڈ کوآرڈینیشن سیل قائم کرنے کی تجویز سامنے آگئی ہے، جس میں این سی سی آئی اے، سٹیٹ بینک، نادرا، پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہوں گے۔

حکام کے مطابق مجوزہ سیل کے قیام سے آن لائن مالی فراڈ کے مقدمات کی تحقیقات اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری میں آسانی ہوگی، جبکہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کو بھی مؤثر بنایا جا سکے گا۔

مجوزہ منصوبے کے تحت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) ڈیجیٹل فرانزکس، ایف آئی آر کے اندراج اور پراسیکیوشن سے متعلق امور دیکھے گی۔

سٹیٹ بینک مالیاتی معاملات میں معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ڈیبٹ بلاکنگ پروٹوکولز پر عمل درآمد میں مدد کرے گا، تاکہ مالی فراڈ کی صورت میں مشتبہ لین دین اور رقوم کی منتقلی روکنے کے اقدامات کیے جا سکیں۔

اسی طرح پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) فراڈ میں استعمال ہونے والی جعلی سمز اور مشتبہ یو آر ایل بلاک کرنے میں معاونت کرے گی۔

نادرا مشتبہ افراد کی شناخت اور فراڈ سے متعلق شناختی کارڈز کی نشاندہی میں مدد فراہم کرے گا، جبکہ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) غیر قانونی سرمایہ کاری کے پلیٹ فارمز کی شناخت کے لیے معاونت کرے گی۔

حکام کے مطابق مختلف اداروں کو ایک مربوط نظام کے تحت اکٹھا کرنے کا مقصد آن لائن مالی فراڈ کے واقعات پر فوری ردعمل، شواہد کے تبادلے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کو آسان بنانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...