کراچی کیلئے مزید 500 بسوں کی منظوری، ریلیوں کی اجازت نہیں دینگے: شرجیل میمن
کراچی: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کابینہ نے کراچی کے لیے مزید 500 بسوں کی خریداری کی منظوری دے دی، سندھ حکومت نے 29 نومبر کو کسی بھی جماعت کو ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی، انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک سال میں شہر میں ایک ہزار سے زائد بسیں لائی جائیں گی جبکہ دسمبر میں ڈبل ڈیکر اور الیکٹرک بسیں بھی پہنچ جائیں گی۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے نیوز بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جیمز اینڈ جیولری کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گندم کے کاشتکاروں کو 16 ارب 90 کروڑ روپے کی امداد دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ سیف سٹی منصوبے کے دوسرے فیز کے لیے 5 ارب 76 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے، ایس آئی یو ٹی کے آنکولوجی ڈیپارٹمنٹ کے لیے ڈیڑھ ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وائلڈ لائف گارڈز کی خالی آسامیوں پر بھرتی اور مختلف شعبوں میں سکالرشپس بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ شکار کے لیے مزید اجازت نامے جاری نہیں کیے جائیں گے جبکہ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن میں ڈاکٹروں کے ناموں کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ بی آئی ایس پی متاثرہ افراد کو مالی امداد فراہم کرے گی۔
29 نومبر کو ریلیوں کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 29 نومبر کو قوم پرست جماعت اور ایم کیو ایم نے کراچی میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے، سندھ حکومت نہیں چاہتی کہ کسی بھی قسم کی کشیدگی پیدا ہو، اس لیے دونوں جماعتوں سے رابطہ کرکے انہیں جلسے، جلوس اور ریلیاں نہ نکالنے کی درخواست کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ نثار کھوڑو اور ضیاء لنجار سمیت چار رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے، جو آج ہی دونوں جماعتوں سے رابطہ کرے گی۔ سندھ حکومت نے 29 نومبر کو کسی بھی جماعت کو ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی میں ایسے واقعات کے باعث فسادات ہو چکے ہیں، فیصلے سڑکوں پر نہیں بلکہ ایوانوں میں ہونے چاہئیں، سندھ اسمبلی صوبوں سے متعلق اپنی رائے دے چکی ہے، سیاسی جماعتیں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بھی اپنی بات کر سکتی ہیں۔
ایم کیو ایم کے بیانات پر ردعمل
شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس کو بعض ٹی وی چینلز نے مختلف رنگ دیا، بلاول بھٹو نے واضح کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ انتشار کی سیاست کی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کبھی پرتشدد سیاست نہیں کرتی، محترمہ بینظیر بھٹو دہشت گردی کے خلاف مسلسل آواز اٹھاتی رہیں اور اسی جدوجہد میں شہید ہوئیں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
سینئر وزیر سندھ نے ایم کیو ایم رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے ماضی میں خالد مقبول صدیقی پر سنگین الزامات لگائے تھے، اب وہ اسی جماعت میں بیٹھے ہیں، انہیں اس معاملے کی وضاحت کرنی چاہیے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے سازش کی منصوبہ بندی کی ہے، ہمارے پاس کچھ معلومات ہیں، تاہم ہم صوبے کا ماحول خراب نہیں ہونے دیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments