ایسے موبائل فونز جن پر یکم نومبر کے بعد واٹس ایپ نہیں چلے گا

ٹیکنالوجی

لاہور:(ویب ڈیسک)دنیا کی سب سے بڑی پیغامات کی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کو خبردار کردیا ہے کہ پرانے آپریٹنگ سسٹمز والے اینڈرائیڈ اور ایپل فونز کے صارفین یکم نومبر سے یہ ایپ استعمال نہیں کرسکیں گے۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ آئے روز اپنے صارفین کی سہولیات کے لئے نت نئے فیچرز متعارف کراتا رہتا ہے جبکہ پرانے فیچر کو ختم کرکے جدت پسندی کے رجحان کو بھی بڑھاوا دینے میں ید طولیٰ رکھتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کا کہناہے کہ ایپلی کیشن کی نئی اپ ڈیٹس کی وجہ سے یکم نومبر سے فیس بک کی زیر ملکیتی واٹس ایپ کو 50 سے زائد موبائل فونز کے صارفین استعمال نہیں کرسکیں گے، آئندہ ماہ واٹس ایپ کی سروسز سے محروم ہونے والے موبائل فونز کے ماڈلز میں آئی فون، سام سنگ، ایل جی اور سونی کے موبائل سیٹ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بہت سے معروف اینڈرائیڈ موبائل فونز یکم نومبر کے بعد واٹس ایپ کو سپورٹ نہیں کریں گے، ان میں سام سنگ گلیکسی ایس 3 اور ہواوے ایسنڈ میٹ شامل ہے جب کہ ایپل میں آئی فون 4 یا اس سے پرانے فونز میں بھی واٹس ایپ نہیں چلے گا، ان موبائل فونز کے صارفین کو واٹس ایپ کے استعمال کے لیے نیا سمارٹ فون خریدنا ہوگا۔

رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ یکم نومبرکے بعد آئی فون صارفین جن کے موبائل میں آئی او ایس 9 یا اس سے پرانا ورژن ہے انہیں اپڈیٹ کرنا ہوگا اور وہ آئی اوایس 10 یا اس سے نئے ورژن پر ہی واٹس ایپ استعمال کرسکیں گے، اسی طرح ایسے اینڈرائیڈ صارفین جو اب تک 4.04 ورژن استعمال کررہے ہیں انہیں 4،1 یا اس سے جدید ورژن اپڈیٹ کرنا ہوگا۔

اس کے علاوہ آئی فون 6s ، 6s پلس اور آئی فون ایس ای کے علاوہ گلیکسی ٹرینڈ لائٹ، گلیکسی ٹرینڈ 2 اور گلیکسی s2 سمیت 4 درجن کے قریب اسمارٹ فونز کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں