اسرائیل نے اردن کیساتھ مغربی کنارے کی کنگ حسین کراسنگ بند کردی

غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل نے اردن کیساتھ مغربی کنارے کی کنگ حسین کراسنگ بند کردی۔

اردن اور مغربی کنارے کے درمیان کنگ حسین بارڈر کراسنگ پر ہونے والے مسلح حملے کے بعد اسرائیل نے اردن کی جانب سے زمینی گزرگاہوں کو بند کرنے کا اعلان کیا، اس حملے میں 3 اسرائیلی مارے گئے تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کنگ حسین کراسنگ کے پل پر ٹرک ڈرائیوروں سے تفتیش کر رہی ہے، اس پل کو ’’اللنبي‘‘ پل بھی کہا جاتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکام نے کراسنگ کی بندش کے بعد تمام مسافروں کو واپس کرنا شروع کر دیا۔

اسرائیلی فوج نے حملہ آور کی شناخت ظاہر کئے بغیر اسے مارنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ اردن سے آنے والے ٹرک میں وادی اردن کے کراسنگ ایریا میں پہنچا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیور ٹرک سے باہر نکلا اور پل پر کام کرنے والی اسرائیلی سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی۔

یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب مغربی کنارے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی دراندازی اور گرفتاریوں کے بعد غیر معمولی کشیدگی دیکھی جارہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں