بھارتی وزیر خارجہ نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں امریکی کردار کا اعتراف کرلیا

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے پاک بھارت کشیدگی کم کروانے میں امریکی کردار کا اعتراف کرلیا۔
ایک انٹرویو میں بھارتی وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان رابطے کے لیے ہاٹ لائن موجود ہے، امریکا کے پاکستان اور بھارت دونوں سے رابطے تھے، تاہم جہاں تک جنگ بندی کا تعلق ہے، تو یہ بات پاکستان اور بھارت دونوں کے درمیان براہِ راست طے ہوئی ہے۔
جے شنکر نے کہا کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اُن سے رابطے میں تھے، اسی طرح امریکی اہلکار پاکستان سے بھی رابطے میں تھے۔
بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا اکیلا نہیں تھا، کئی اور ملک تھے جو رابطے کر رہے تھے، یہ فطری بات ہے کہ دو ملک تنازع میں گھرے ہوں تو دیگر ممالک رابطے کرکے اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہیں، تاہم جہاں تک جنگ بندی کا تعلق ہے، تو یہ بات پاکستان اور بھارت دونوں کے درمیان براہ راست طے ہوئی ہے۔
اس سے قبل بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکی کوششوں کا صاف انکار کر دیا تھا۔
گزشتہ دنوں بھارت کے سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت سیز فائر قطعی طور پر دوطرفہ تھی، ٹرمپ کا پاک بھارت جنگ بندی میں کوئی کردار نہیں تھا۔
بھارتی سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ نے ہم سے بیچ میں آنے کی اجازت نہیں لی، ٹرمپ خود ہی سٹیج پر آنا چاہتے تھے اور وہ آگئے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا سہرا اپنے سر لیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہی کی مداخلت سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ ممکن ہوا۔
یاد رہے کہ 10 مئی کو ڈونلڈ ٹرمپ نے ہی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔