دبئی ایئرپورٹس سے مختلف ممالک کیلئے گزشتہ 84 گھنٹوں میں 1,140 پروازیں آپریٹ

دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی ایئرپورٹس نے 13:21 یو اے ای وقت پر جاری کردہ تازہ اپڈیٹ میں کہا ہے کہ حالیہ فضائی رکاوٹوں کے باوجود گزشتہ 84 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 1,140 پروازیں آپریٹ کی گئیں تاکہ متاثرہ مسافروں کو پاکستان سمیت مختلف ممالک تک پہنچنے میں مدد دی جا سکے۔

حکام کے مطابق اس عرصے کے دوران 105,000 سے زائد آؤٹ باؤنڈ نشستیں فراہم کی گئیں جس کے ذریعے بڑی تعداد میں مسافروں کو اپنے ممالک واپس جانے کا موقع ملا۔
ایئرپورٹ حکام کے بیان میں کہا گیا کہ ان پروازوں کے ذریعے پاکستان، بھارت، برطانیہ، جرمنی، فرانس اور دیگر یورپی و ایشیائی شہروں کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کو سہولت فراہم کی گئی، فضائی آپریشنز میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد شیڈول کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے۔

بیان کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ایئرلائنز کے درمیان قریبی رابطے کے ذریعے اضافی پروازوں اور نشستوں کا بندوبست کیا گیا تاکہ متاثرہ مسافروں کو جلد از جلد اپنے مقامات تک پہنچایا جا سکے، اس دوران گراؤنڈ سروسز اور دیگر اداروں نے بھی آپریشن کو معمول پر لانے میں کردار ادا کیا۔

دبئی ایئرپورٹس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتحال کی تصدیق کریں اور ایئرپورٹ روانگی سے پہلے ضروری معلومات حاصل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ تاخیر یا تبدیلی سے بچا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں