روس کا میزائل حملہ ،یوکرین میں 4شامی ہلاک ،2زخمی

ماسکو ،کیو(اے ایف پی)روس کے یوکرینی بندرگاہ پرمیزائل حملے میں شام کے 4شہری ہلاک ہوگئے جبکہ یوکرین کے ایک حملے میں روسی فیکٹری کے 4ملازم مارے گئے ۔
یوکرینی حکام کاکہناہے کہ جنوبی یوکرین کے شہراوڈیسا میں بندرگاہ کے قریب ایک روسی بیلسٹک میزائل حملے میں چار افراد ہلاک اور بارباڈوس کے جھنڈے والے کارگو جہاز کو نقصان پہنچا۔جہاز پر اناج کی ایک کھیپ لدی جا رہی تھی جسے الجزائر بھیجا جانا تھا،ہلاک افرادکا تعلق شام سے تھااور ان کی عمریں 18سے 24سال کے درمیان تھیں ،2افراد زخمی بھی ہوئے ۔یوکرین کی فضائیہ کاکہناہے کہ روس نے راتوں رات تین میزائل اور133 ڈرونز داغے ،جن میں ایرانی ڈیزائن کردہ شاہد قسم کا حملہ آور ڈرون بھی شامل ہے ۔یوکرین کے فضائی دفاعی یونٹس نے 98 ڈرونز کو مار گرایا۔دوسری طرف روس کے کرسک علاقے میں ایک فیکٹری پر یوکرین کے حملے میں چار ملازمین ہلاک ہو گئے ، جن میں تین مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔روسی حکام کاکہناہے کہ کرسک میں بڑی پیشرفت ہورہی ہے جہاں یوکرین سے 5دیہات کا کنٹرول واپس لے لیاگیاہے ۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ماسکو کو 30 دن کی جنگ بندی کی امریکی تجویز پر رضامندی کے باوجود ہمیں روس پر کوئی اعتماد نہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے کئی بار اس بات پر زور دیا ہے ، ہم میں سے کوئی بھی روسیوں پر بھروسہ نہیں کرتا۔کریملن کا کہنا ہے کہ یوکرین کی جنگ بندی کی تجویز پر امریکاسے رابطے کا انتظار ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ پیوٹن یوکرین میں جنگ بندی پر رضامند ہو جائیں گے ۔