اسرائیل کے لبنان پر بھی فضائی اور زمینی حملے،2شہید،متعدد زخمی

غزہ ،مغربی کنارہ (اے ایف پی)اسرائیل کے لبنان پر فضائی اور زمینی حملے ،2شہید متعدد زخمی ہو گئے۔۔۔
،اسرائیل نے ہفتے کوجنوبی لبنان پر توپ خانے اور جنگی جہازوں سے بمباری کی ۔ حملوں سے قبل اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے لبنان سے فائر کیے گئے راکٹوں کو مار گرایا ہے ۔حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اس کا ان راکٹ حملوں سے کوئی تعلق نہیں ، سیز فائر معاہدے کی پاسداری کی جا رہی ہے ۔ رپورٹس کے مطابق ہفتے کو اسرائیل کی جانب سے لبنان میں غزہ جنگ میں سیز فائر کے بعد سے حملوں کا یہ پہلا موقع تھا۔اسرائیلی فوج کے مطابق ہفتے کی صبح حزب اللہ کی جانب سے لبنان سے اسرائیل پر تین راکٹ فائر کیے گئے ۔راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نے فوج کو لبنان میں کارروائی کا حکم دیا۔لبنانی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حملے لبنانی حدود میں آٹھ کلو میٹر اندر تک کیے گئے ۔لبنانی صدر جوزف عون نے فوج کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ایسی سرگرمی کو کنٹرول کیا جائے جس سے لبنان میں استحکام کو خطرہ ہو سکتا ہے ۔لبنانی وزیر اعظم کا کہنا تھا اسرائیل کے ساتھ نئی جنگ میں گھسیٹے جانے کا خطرہ ہے ۔لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج نے خبر دار کیا کہ غیر مستحکم صورتحال میں پورے خطے کیلئے سنگین نتائج ہو سکتے ہیں۔ فلسطینی حکمران جماعت الفتح نے حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے وجود کے تحفظ کیلئے اقتدار چھوڑ دیں۔ ایک پیغام میں انہوں نے حماس سے کہا کہ وہ حکومت سے الگ ہو جائیں اور مکمل طور پر تسلیم کریں کہ اگر وہ غزہ میں اقتدار میں رہتے ہیں تو آگے کی لڑائی فلسطینیوں کے وجود کے خاتمے کا باعث بنے گی۔الفتح کے ترجمان موندر الحائق نے کہاحماس کو غزہ کے بچوں، عورتوں اور مردوں کیلئے ہمدردی کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے شام میں کئی علاقوں پر بمباری کی تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔