عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں ہوگی : اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد، راولپنڈی(اپنے نامہ نگار سے، خبر نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی سے منگل اور جمعرات دو دن کی ملاقات بحال کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں ہو گی، جو بھی بانی سے ملے گا وہ میڈیا ٹاک نہیں کرے گا۔۔۔
بانی پی ٹی آئی کے کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ جو نام دیں گے صرف وہی ملاقات کر سکے گا،بانی کی بچوں سے ملاقات کے لیے ٹرائل کورٹ کو درخواست دیں۔گزشتہ روز قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ڈویژن بینچ میں جیل ملاقاتوں سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکیل سلمان اکرم راجہ، چودھری ظہیر عباس اور دیگر عدالت پیش ہوئے ،دوران سماعت ایڈیشنل سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے تفصیلی جواب جمع کرایاگیا، سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ایس او پیز کے مطابق ہماری جمعرات کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی، سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل کے وکیل نوید ملک نے کہاکہ دسمبر تک ان کی ملاقات ہفتہ میں دو دن کرائی جا رہی تھی، جب میٹنگ کراتے ہیں تو یہ اس کو غلط استعمال کرتے ہیں سیاسی بیان بازی کرتے ہیں،میٹنگ کے بعد یہ جیل کے باہر آکر سیاسی بیان بازی کرتے ہیں یہ خلاف ورزی ہے ، قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کوآرڈینیٹر ہیں ہم ان کو سنیں گے ، ہر بندہ درخواست لے کر آ جاتا ہے کہ میری بھی جیل میں ملاقات کرائی جائے ،قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ ان سے انڈر ٹیکنگ لے لیتے ہیں کہ جیل ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہ کریں،قائم مقام چیف جسٹس نے نوید ملک ایڈووکیٹ سے استفسار کیاکہ ایک چھوٹا سا معاملہ ہے ایک دن کے بجائے یہ دو دن ملنا چاہتے ہیں آپ سوچ لیجیے ، نوید ملک ایڈووکیٹ نے کہاکہ اگر یہ یقین دہانی کروائیں کہ باہر آ کر سیاسی گفتگو نہیں کریں گے تو ہفتے میں دو دن ملاقات کروا دیتے ہیں،ہماری درخواست ہے کہ ملاقات کے لیے ایک ہی دن رکھا جائے ہمیں باقاعدہ انتظامات کرنا پڑتے ہیں، قائم مقام چیف جسٹس نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کے کوآرڈینیٹر ہی نام دے گا جس کو ملاقات کی اجازت ہو گی۔
اسلام آبادہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم نے بانی کی جانب سے کسی بھی قسم کی معافی کو ناممکن قرار دے دیا ہے ۔سلمان اکرم کا کہنا تھا عمران خان سے ملاقات کا معاملہ باہمی رضا مندی سے طے ہو گیا، گفتگو پر قدغن تو کسی انسان پر نہیں لگ سکتی، ارکان پارلیمنٹ ہیں جہاں انہوں نے اپنا نکتہ نظر پیش کرنا ہوگا وہ کر دیں گے ۔سلمان اکرم کا کہنا تھا اپوزیشن جماعتوں سے گفتگو اچھی چل رہی ہے ، سب کے ساتھ مشاورت سے چلیں گے ، جے یو آئی اور سندھ کی جماعتوں سمیت ہر جگہ ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا 23مارچ خوشی کا دن تھا، گھروں پر چھاپے مارے گئے ۔ ادھر بانی اور بشریٰ بی بی سے آج منگل کو ملاقات کا دن ہے 6 وکلا ملاقات کرنے آئیں گے ۔وکلا میں حامد خان، سلمان اکرم راجہ، عزیر بھنڈاری، ظہیر عباس، نیاز اللہ نیازی اور نعیم پنجوتھہ شامل ہیں۔منگل کو بانی کی فیملی اور بشریٰ کی فیملی بھی ملے گی، جمعرات کو رفقا کی ملاقات کے لئے بھی نام فائنل کر دیئے گئے ۔نعیم کے مطابق رفقا میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، شبلی فراز، صاحبزادہ حامد رضا، علامہ راجہ ناصر، جنید اکبر شامل ہیں۔دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی اور بشریٰ کی سزا معطلی کی درخواستیں آج سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہیں۔قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف کیس کی سماعت کریں گے ۔ رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواستیں اعتراضات کے ساتھ مقرر کیں۔