مریم نواز کا دورہ جناح ہسپتال، عوامی شکایات پر ایم ایس اور پرنسپل کو ہٹا دیا

لاہور(دنیانیوز،نیوزایجنسیاں)وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ رو ز اچانک جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور شہریوں کی شکایات پر میڈیکل سپرنٹنڈ نٹ اور پرنسپل کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا ،انہوں نے سرکاری ہسپتالوں کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا اور فری میڈیسن کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کردی۔
مریم نواز کے اچانک جناح ہسپتال پہنچنے پر شہری پھٹ پڑے ،ان کاکہناتھاکہ ہسپتال میں ادویات نہیں ملتیں ،آپریشن کاسامان بھی باہر سے لارہے ہیں ،ہمارا علاج کرایاجائے ،بزرگ اور خواتین مریضوں نے مریم نواز کے سامنے رونا شروع کردیا۔وزیراعلیٰ نے میڈیسن سٹور کا معائنہ کیا، فری میڈیسن سٹور میں ادویات ہونے کے باوجود مریضوں کو محروم رکھنے پر برہمی کا اظہار کیا،ان کاکہناتھاکہ یہ کیا تماشہ ہے ؟ ،کیا ہسپتال ایسے چلتے ہیں ؟، جو کام نہیں کرتا اسے نوکری پر رہنے کا کوئی حق نہیں ۔انہوں نے جناح ہسپتال ایمرجنسی وارڈ کا بھی دورہ کیا،مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت کی اوران سے میڈیسن اور طبی ٹیسٹوں بارے دریافت کیا۔وزیراعلیٰ نے جناح ہسپتال میں مریضوں کو ایمرجنسی میں ادویات نہ ملنے اور دیگر شکایات پر ایم ایس ڈاکٹر کاشف جہانگیر اور پرنسپل پروفیسر اصغر نقی کو فوری عہدوں سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا ،انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو معیاری اور فوری طبی سہولیات فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔بعدازاں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں میو ہسپتال کے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔
مریم نوازنے سرکاری ہسپتالوں کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیا اور فری میڈیسن فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہرسرکاری ہسپتال میں میڈیسن لسٹ آویزاں کرنے کا حکم دیا اور میڈیسن لسٹ کیلئے الیکٹرانک بورڈ نصب کرنے کی ہدایت کی۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کیلئے مریم نواز شکایات کاؤنٹر فعال کرنے اوروپن ویٹنگ ایریا میں مسٹ فین مہیا کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ مریضوں کو کال کرکے فیڈ بیک بھی لیا جائے گا، انہوں نے ویٹنگ روم میں کرسیاں اور بینچ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں کا وزٹ کرنے اور چیک لسٹ رپورٹ تیار کرنے کا حکم بھی دیاجس میں ڈاکٹرز، سٹاف کی حاضری، فری ادویات، لیب ٹیسٹ، بائیو میڈیکل ایکیوپمنٹ شامل ہونگے ۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں آپریشن اور ٹیسٹوں کیلئے ویٹنگ لسٹ کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ پارکنگ، کیفے ٹیریا اور وہیل چیئرزدستیابی کی صورتحال بھی روزانہ چیک ہوگی۔
اجلاس میں ہسپتالوں میں انفیکشن کا سبب بننے والے بوسیدہ پردے ہٹا کر بلائینڈر لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ سرکاری ہسپتالوں کی لیب کی کوالٹی آڈٹ پر اتفاق کیا گیا جس کیلئے ہیلتھ کیئر کمیشن کو ٹاسک دیا جائے گا،مریم نواز نے میڈیکل سٹی پراجیکٹ کا پلان بھی طلب کر لیا ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے صبح سویرے لاہور کا اچانک غیرا علانیہ دورہ کیا اورمختلف علاقوں میں ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کا جائزہ لیا ،سڑکوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہربنس پور ہ میں فیلڈ ہسپتال کاا چانک دورہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے بات چیت کی اورہسپتال میں دستیاب طبی سہولتوں بارے دریافت کیا۔