دہشتگردی کیخلاف متحد ہونا پڑے گا، پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں سے بات کرنے کو تیار: وزیراعظم قومی سلامتی پر دوبارہ اجلاس بلائیں : بلاول

لاہور(سپیشل رپورٹر )پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے امن و امان پر خصوصی توجہ دینے اور قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کو ناگزیر قرار دے دیا ،ان کا کہناہے کہ دہشتگردی کیخلاف متحد ہونا پڑے گا ،پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں سے بات کرنے کو تیارہے۔۔۔
وزیراعظم سے اپیل ہے کہ قومی سلامتی پر دوبارہ اجلاس بلائیں اور جو سیاسی جماعتیں پہلے اجلاس میں نہ آسکیں انہیں قائل کریں،ملکی دفاع کیلئے ساتھ ملائیں ، حکومت سیاسی جماعتوں کو قومی سلامتی امور پر یکجا کرے اور ملکی مفاد میں اجتماعی فیصلے کریں ۔ بین الاقوامی قوتوں کی سازشوں اور شہریوں کو شہید کرنے کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی مسائل بھول کراور مل کر قوم کا دفاع کرنا چاہئے ۔ نیشنل سکیورٹی اجلاس میں کچھ جماعتوں کی عدم شرکت افسوسناک ہے ،قومی ایشوز پر اتفاق رائے ناگزیر ہے ، تمام جماعتوں کو ذاتی مسائل کی بجائے ملک اور قوم کیلئے اکٹھا ہونا ہوگا، وزیراعظم شہبازشریف سے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنا کردار اداکرے گی اور ہم حکومت کی مدد کرینگے ،اس ضمن میں دوسری جماعتوں سے بات کرنے پر بھی تیار ہیں۔گورنر ہاؤس لاہورمیں افطا ر ڈنر سے خطاب کرتے بلاول بھٹونے تشویش کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان دہشتگردی کا شکار ہیں اور قومی اتفاق رائے موجود نہیں ، دہشتگردی کے پیچھے بین الاقوامی طاقتیں ہوں گی، دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کا مقابلہ کرینگے ۔
پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو دہشتگردی کے خاتمہ اور ملکی مسائل حل کیلئے ایک پیج پر آنا ہوگا،قائد حزب اختلاف سے بھی کہاکہ اگرچہ شکایتیں ہوں گی ملکی مفاد میں اجتماعی فیصلہ کریں، پی ٹی آئی کارکن کی دلچسپی ہوگی کہ قیدی نمبر جو بھی ہے اسے آزاد کروایا جائے لیکن قوم کے بہت مسائل ہیں،اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ وہ تنگ نظری کی سیاست چھوڑ کر عوام کا سوچیں۔ اگر ہم نے ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو اپنے تمام تر ذاتی مفادات کو پش پست ڈالنا ہوگا تب ہی ہم ترقی کے راستے پر گامزن ہوسکتے ہیں۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر نے اپنے خطاب میں کہا پیپلزپارٹی کو پنجاب میں زندہ رہنے کیلئے کسی کے سہارے کی ضرورت نہیں اپنے بل بوتے پر اپنا مقام دوبارہ حاصل کرینگے ، بلاول بھٹو عوام کی طاقت سے وزیر اعظم بنیں گے ،دلی خواہش ہے کہ شہیدوں کا وارث ملک کا وزیر اعظم بنے ۔ گورنر ہاؤس میں اب تک جتنی افطاریاں کروائیں،ان پر حکومت کا ایک روپیہ نہیں لگایا۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے خطاب کرتے کہا ہم عید کے پنجاب کے کونے کونے پر جائیں گے ،پی پی کی تنظیم سازی مکمل کرینگے ۔