یوکرین جنگ بندی ، سعودیہ میں امریکی و روسی وفود کے مذاکرات
ریاض(اے ایف پی) امریکی اور روسی حکام نے پیر کو یوکرین میں جزوی جنگ بندی پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی۔۔۔
جس میں بحیرہ اسود کی جنگ بندی ایجنڈے میں سرفہرست تھی۔ امریکی حکام کا کہنا تھا امید ہے کہ مذاکرات کا تازہ دور کسی پیش رفت کی راہ ہموار کرے گا۔خبر ایجنسی کے مطابق اس موقع پر یوکرینی حکام کا کہنا تھا کہ امریکا روس مذاکرات کے بعد امریکی اور یوکرینی وفود بات چیت کریں گے ۔ادھر شمال مشرقی یوکرین کے علاقے سومی پر روسی میزائل حملے میں 65 افراد ہلاک ہو گئے جن میں 14 بچے بھی شامل ہیں۔علاقائی پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا کہ گنجان آباد رہائشی علاقے پر حملے سے رہائشی اپارٹمنٹس اور ایک تعلیمی مرکز کو نقصان پہنچا۔ دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین کے 28 ڈرون حملے ناکام بنائے ہیں جبکہ یوکرین کا دعویٰ ہے کہ اس نے روس کے چار فوجی ہیلی کاپٹروں کو بیلگوروڈ ریجن میں تباہ کیا ہے ، جہاں یہ ہیلی کاپٹر خفیہ مقام پر پارک کیے گئے تھے ۔