آلو کا بہترین بیج اب پاکستان میں تیار کیا جائیگا، رمضان پیکیج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے : شہباز شریف

آلو کا بہترین بیج اب پاکستان میں تیار کیا جائیگا، رمضان پیکیج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے : شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان پیکیج گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت پورے ملک میں بلاتفریق متعارف کروایا گیا ،رمضان ریلیف پیکیج میں پیسے مستحقین تک ڈیجیٹل والٹ کے انتہائی سہل اور شفاف نظام کے ذریعے پہنچائے جا رہے ہیں اس ماڈل کو دیگر حکومتی سکیموں میں اپنایا جائے۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرائم منسٹر رمضان ریلیف پیکیج 2025 کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب میں کیا ۔وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکیج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کرتے کہا اس پیکیج کو شفاف بنانے کیلئے سٹیٹ بینک ، نادرا اور ٹیک اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ رمضان ریلیف پیکیج کے حوالے سے ٹیلی کام کمپنیوں اور بینکوں کی جانب سے چلائی جا رہی آگہی مہم کو مزید مؤثر بنانے کیلئے جامع رپورٹ ترتیب دی جائے ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا ابتک 63 فیصد مستحقین کو رقم پہنچائی جا چکی ہے ،ایسے تمام مستحق افراد جن کو رقم مل چکی ہے انکی تمام تر دستاویزی تفصیلات موجود ہیں۔دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کی ترقی کیلئے زرعی شعبہ کی ترقی انتہائی اہمیت کی حامل ہے ، کسان کو بہترین بیج، کھاد اور اصلی زرعی ادویات مناسب قیمت پر فراہم کی جائیں تو دوبارہ زرعی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے ، جنوبی کوریا کے تعاون سے آلو کا بہترین بیج اب پاکستان میں ہی تیار کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں نیشنل ایگریکلچرل اینڈ ریسرچ سنٹر کے دورہ کے دوران جدید ایروپانکس طریقے سے کاشت کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔

نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سنٹر اسلام آباد میں سیڈ پوٹاٹو پروڈکشن اینڈ ایروپانکس کمپلیکس کا افتتاح کیا گیااس اقدام سے پاکستان میں آلو کے بیج کے معیار اور دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی۔وزیراعظم نے کہا انہیں یہ جان کر اطمینان ہوا ہے کہ پاکستان کے زرعی سائنسدان اور ماہرین بڑی محنت اور لگن سے زراعت کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں اور مجھے یقین ہے کہ انکی کاوشوں کی بدولت ہمارا زرعی شعبہ ضرور ترقی کرے گا۔ وزیراعظم نے جمہوریہ کوریا کے تعاون سے آلو کے بیج کی تیاری کیلئے ادارے کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے کوریا کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کیا اورکہا پاکستان کے ساتھ کوریا کے مضبوط تعلقات ہیں جنہیں مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستانی کسان محنتی، جفاکش اور قابل ہیں انہیں بہترین بیج، کھاد اور اصلی زرعی دوائیں مناسب قیمت پر فراہم کی جائیں تو پاکستان میں دوبارہ زرعی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے اس کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ملکر کام کرنا ہو گا، کسانوں کو جعلی ادویات سے بچانا ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا اس جدید سنٹر کے قیام سے آلو کا بہترین بیج کسانوں کو مہیا کیا جائے گا اور باہر سے منگوانا نہیں پڑے گا۔ یہ بیج بہترین ہو گا اور اس سے آلو کی پیداوار کو ترقی ملے گی اور پاکستان آلو برآمد کرنے کے قابل بھی ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا ہمسایہ ممالک زرعی شعبہ میں ہم سے آگے نکل گئے ، ہم بروقت اقدامات نہیں کر سکے ، اگر وقت پر فیصلے کرتے تو کپاس میں آج خود کفیل ہوتے ، گنے کی فصل میں ہماری فی ایکڑ پیداوار دوسرے ممالک سے کم ہے ، ہمیں اپنے کسان کا شکریہ ادا کرنا چاہئے جسکی محنت سے زرعی شعبہ چل رہا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود قیمتی زرمبادلہ خوردنی تیل کی درآمد پر خرچ کر رہا ہے ، اسکی روک تھام کیلئے اقدامات کرنا ہونگے ۔ قبل ازیں وزیراعظم نے نیشنل انسٹیٹیوٹ فار جینومکس اینڈ ایڈوانسڈ بائیو ٹیکنالوجی کا بھی افتتاح کیا۔وزیراعظم نے این اے آر سی میں لیبارٹریز اور پوٹاٹو فارمز کے ادارہ کا دورہ بھی کیا۔ وہ این اے آر سی کے ڈسپلے سٹالز پر بھی گئے جہاں پر زرعی مصنوعات اور جدید زرعی آلات رکھے گئے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں