لاک ڈائون کھلاڑیوں کی مصروفیات کیا ہیں؟
عظیم فٹبالر لیونل میسی اور سرجیو راموس ٹشوپیپررول کے ساتھ فٹبال کھیلنے کی مہارت دکھاتے رہےاظہر علی اپنے بچوں کیساتھ گھر کے لان میں ورزش کرتے نظر آئے ، نسیم شاہ نے پکوڑے بنائے تو بابراعظم نے بھائی کیساتھ کرکٹ کھیلی
جیسا کہ سب کو معلوم ہے کہ کورونا کی وبا ء نے سب کو گھروں میں آئسولیشن میں جانے پر مجبور کردیا ہے اور اسی طرح کھلاڑی بھی اب کھیل کے میدان سے دور اپنے گھروں میں وقت گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہیں اپنے کھیل کے میدانوں کی یادستارہی ہے تو ایسے میں کسی نے اپنے گھر کا لان کھیل کا میدان بنا لیا ہے تو کسی نے ٹی وی لائونج تو کسی نے بیڈروم کو ہی کھیل کا میدان سمجھ لیا ہے اور کھیل کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیاں بھی جسم کو متحرک کرنے کیلئے شروع کررکھی ہیں تاکہ وہ بوریت کا شکار نہ ہوں۔ طویل لاک ڈائون اور یکسانیت نے انہیں مختلف مشاغل ایجاد کرنے کی طرف مائل کردیا ہے۔آئے جانتے ہیں کھلاڑی کیا کررہے ہیں۔
نوواک جوکووچ کاگھر میں ٹینس کورٹ
عالمی نمبر ون ٹینس کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ نے کورونا کے دوران خود کو قرنطینہ کیا ہوا ہے اور وہ گھر پر کیا کررہے ہیں ؟ اس کی ویڈیو انہوں نے شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے گھر کے ٹی وی لائونج میں کرسیاں جوڑ کر اپنے ایک دوست کے ساتھ فرائی پین اور گیند کے ساتھ ٹینس کھیل رہے ہیں۔ اس مختصر سے کھیل میں بھی نوواک جوکووچ کی مہارت اور تکنیک دیکھنے کے قابل ہے جس میں وہ زبردست شاٹس کھیلتے ہوئے جیت جاتے ہیں اور جس طرح کورٹ میں جیتنے کے بعد لیٹ کر اپنی جیت کو اپنے روایتی انداز میں مناتے ہیں اسی طرح گھر کے لائونج میں بھی اپنے بنائے گئے منی کورٹ میں وہ لیٹ کر جیت کا انداز اپناتے ہیں ۔
پاکستانی کرکٹرزکے پش اپس
لاہور میں بابر اعظم نے اظہر علی کے پش اپس کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے دس پش اپس لگائیں ۔ وہ کھلی فضا میں تھوڑے تبدیل یعنی کلین شیو نظر آئے ۔ سرفراز احمد اور وہاب ریاض کو پش اپس کا چیلنج دیا ۔ کراچی میں رہتے ہوئے سرفراز احمد نے پش اپس کا چیلنج قبول کرتے ہوئے دس پش اپس لگائیں ۔ پش اپس میں انہوں نے آگے سے شان مسعود اور حسن علی (گڈو) کو چلینج دیا۔ایسے لگ رہا تھا کہ سرفراز احمد نے اپنے گھر کے ٹی وی لائونج میں پش اپس لگائیں۔
دوسری طرف پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اپنے گھر کے لان میں پش اپس کا چیلنج دیتے ہیں اور اس میں نامزد کرتے ہیں سرفراز احمد، وہاب ریاض، اسد شفیق ، بابر اعظم ، ٹام بینٹن اور ٹام ایبل کو۔ پانچ پش اپس لگانے کے بعد وہ قریب پڑے سینیٹائزر سے ہاتھ صاف کرتے ہیں ۔ ان کے گھر کا گھاس کا لان بہت خوبصورت منظر پیش کررہا ہے اور ساتھ لگے عمدہ پودے ان کے حسن ذوق کا پتا دیتے ہیں۔ لگتا ہے گھر رہتے ہوئے انہوں نے اپنے لان کو خوب تیار کیا ہے ۔ لان میں خوبصورت گملے رکھ دیں تو اس کے حسن میں مزید اضافہ ہوجائے۔
وہاب ریاض نے لاہور میں اپنے گھر پر رہتے ہوئے بابر اعظم کے چیلنج کو قبول کیا اور پش اپس لگائیں ۔ وہ اس دوران سفید ٹی شرٹ اور نیلے رنگ کے ٹرائوزر میں نظر آئے ۔ انہوں نے ماربل کے فرش پر پش اپس لگائیں لیکن بعد میں انہوں نے سینیٹائزر استعمال نہیں کیا۔ بعد میں انہوں نے شعیب ملک، شاداب خان اور محمد حفیظ کو چیلنج کیا۔شان مسعود نے سابق کپتان سرفراز احمد کا چیلنج قبول کرتے ہوئے دس پش اپس لگائیں اور وہ اس دوران سب سے فٹ نظر آئے۔ انہوں نے بھی فرش پر پش اپس لگائیں اور بعد میں سینیٹائزر استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سیینٹائزر کا استعمال کرنا ہرگز مت بھولیں۔ انہوں نے شعیب ملک اور محمد حفیظ کو چیلنج کیا۔اسی طرح دیگر کرکٹرز اور خواتین کرکٹرز نے بھی چیلنج کرکے دکھائے اور دوسرے کرکٹرز کو چیلنج دیئے۔
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے فاسٹ بائولرنسیم شاہ بھی گھر تک محدود ہیں اور اس دوران وہ بھی گھر والوں کی مدد کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں کوکنگ کا شوق ہے اور وہ گھر والوں کی ہیلپ کرتے ہیں ۔ انہوں نے کچن میں پکوڑے بنانے کی ویڈیوبھی شیئر کی ۔ اس کے علاوہ چکن کڑاہی بھی بنی ہوئی دکھائی۔دوسری طرف اظہر علی اپنے بچوں کے ساتھ گھر کے لان میں ورک آئوٹ کرتے بھی نظر آئے۔ اسی طرح بابر اعظم، امام الحق اور نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور وہاب ریاض ''سٹے ہوم‘‘سلوگن کے تحت مختلف ورزشیں کرتے نظر آئے۔ بابراعظم نے اپنے بھائی کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔ انہوں نے بائولنگ بھی کرائی۔
فٹبالرز کی سرگرمیاں
عظیم فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سے کون واقف نہیں ہے کورونا کی وبا ء نے جہاں دنیا بھر کو متاثر کیا ہے وہاں فٹبالرز کو بھی محدود کردیا ہے ۔ میچزملتوی یا ختم کردیئے گئے ہیں ۔لیگز روک دی گئی ہیں اور کھلاڑی گھر پر بیٹھنے پر مجبور ہوگئے ہیں یا بہت کم باہر نکلتے ہیں۔ ایسے میں کرسٹیانو رونالڈو گھر پر ورک آئو ٹ کرتے ہیں یا پھر بچوں میں سینیٹائزر تقسیم کرنے کی مہم کیلئے باہر نکلے۔ اسی طرح سپین کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان اور ریال میڈرڈ کی کپتانی کرنے والے معروف فٹبالر سرجیو راموس ورک آئوٹ کے بعد ٹشو پیپر کے رول سے فٹبال کھیلتے نظر آئے۔ اسی طرح ارجنٹائن کے معروف کھلاڑی اور بارسلونا کلب سے وابستہ فٹبالر لیونل میسی بھی اپنے گھر میں نشو پیپر کے رول سے فٹبال کھیلتے ہوئے نظر آئے۔اس میں بھی ان کی مہارت خوب نظر آئی۔ دوسری طرف پاکستان میں بھی ہاکی کے کھلاڑیوں نے گھر پر رہتے ہوئے ہاکی فیڈریشن کی جانب سے دیئے گئے ڈائٹ ، فزیکل اور سکلز پلان پر عمل کیا ۔ مختلف ٹریننگز کیں اور اپنے آپ کو گھر پر رہتے ہوئے ہاکی کی سکلز بڑھاتے رہے۔
اولمپک کے کھلاڑیوں کے کرتب
ٹوکیو اولمپک کے ملتوی ہونے کے بعد سے اولمپک کے کھلاڑی بھی جو کہ پریکٹس میں مصروف تھے اب وہ بھی ان ڈور سرگرمیوں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں جیسے کہ سب کو معلوم ہے کہ دو سو ممالک میں کورونا وبا ء کے پھیلنے کی وجہ سے ان ممالک کے اتھلیٹس بھی گھر وں میں مقید ہوکر رہ گئے ہیں اس لئے اب ان کی مہارتیں اور جمناسٹک سکلز ان کے ڈرائنگ رومز یا بیڈ رومز تک محدود ہوکر رہ گئی ہیں ۔ بہت سے عالمی کھلاڑیوں کی ویڈیو کلپس انٹر نیٹ پر وائرل ہوئی ہیںجس میں اتھیلٹس اپنے گھر وں پر مختلف کرتب دکھا رہے ہیں اور شاندار طریقے سے ایک جگہ سے اچھل کر دوسری جگہ تک پہنچ رہے ہیں ۔ یہ سب ان کی اتھلیٹک مہارت کو ظاہر کرتا ہے ۔ ا س بات میں کوئی شک نہیں کہ عالمی مقابلوں میں حصہ لینے والے اولمپک اتھلیٹ اولمپک سے کئی کئی ماہ پہلے پریکٹس کرنا شروع کردیتے ہیں اور اپنی مہارت میں نکھار لانے کیلئے تگ و دو کرتے ہیں۔ اس کی ہلکی سی جھلک ان ویڈیو کلپس میں دیکھی جاسکتی ہے۔
شاہد آفریدی ، احمد شہزاد اور سہیل تنویر کی امدادی سرگرمیاں
جہاں کھلاڑیوں کی اکثریت گھروں پر رہ کر کھیل اور ٹریننگ کرکے وقت گزار رہی ہے وہاں بعض کھلاڑی میدان عمل میں بھی ہیں اور اس مشکل گھڑی میں مستحق لوگوں کی مدد کیلئے نکلے ہوئے ہیں ۔ا ن میں شاہد آفریدی سر فہرست ہیں تو ان کے علاوہ مالا کنڈ میں احمد شہزاد مستحقین میں امدادی سامان تقسیم کررہے ہیں تو دوسری طرف سہیل تنویر نے لاہور میں امدادی پیکٹ تقسیم کئے۔ شاہد آفریدی نے اپنی تنظیم ''شاہد آفریدی فائونڈیشن ‘ ‘ کے بینر کے تحت سامان کی تقسیم دور دراز کے علاقوں میں جس کی تعریف میں بھارتی کرکٹرز یوراج سنگھ اورہربھجن سنگھ بھی سامنے آئے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شاہد آفریدی کے اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں۔جس پر بھارتی عوام سیخ پا ہوئے لیکن شاہد آفریدی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ دور دراز کے مستحقین تک سامان اس لئے پہنچا رہے ہیں کیونکہ ان تک کوئی نہیں پہنچتا۔یہ ایک اچھی موٹیویشن ہے جسے دیکھ کر دوسرے کھلاڑی بھی میدان میں آرہے ہیں اور کئی کھلاڑیوںنے حکومتی فنڈ میں رقوم جمع کرائی ہیں۔
دنیا بھر میں کھلاڑیوں نے مختلف سرگرمیوں سے اپنے آپ کو مصروف رکھا ہوا ہے ۔ اس کا مقصد جسمانی طور پر فٹ رکھنا ہے تاکہ وہ اپنے جسم کو تساہل پسندی سے دور رکھ سکیں اور گھر پر رہتے ہوئے ان کا جسم متحرک رہ سکے۔ ورک آئوٹ یا ہلکے پھلکے کھیل سے وہ اپنے جسم کو کھیل سے مانوس رکھنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں ۔ کورونا وبا ء کی وجہ سے بیٹھنے یا لیٹے رہنے سے جسم مسلسل ایک ہی کیفیت میں رہتا ہے یا خوراک جلدی ہضم نہیں ہوتی ۔ کھانا کھالیا اور گھر کی حدود میں رہ لئے ، زیادہ چلنا پھرنا موقوف ہونے کی وجہ سے کاربوہائیڈریٹس یا دیگر غذائی اجزاء انسان کو موٹاپے کی طرف مائل کردیتے ہیں۔ اس لئے چاہیے کہ اس دوران زیادہ کاربوہائڈریٹس والی غذائیں نہیں کھانی چاہیں۔ اور اس حوالے سے کرکٹرز سمیت تمام اتھلیٹس کو ان کے کوچز اور نیوٹرئیٹنس ان کو غذائی چارٹ دیتے ہیں تاکہ وہ اس دوران اس پر عمل کریں اور چربی کو جمع نہ ہونے دیں۔ اس کے علاوہ سبزیاں اور پھلوں کا استعمال ، سلاد کا استعمال سودمند رہتا ہے ۔