بالوں کی خوبصورتی اور چمک کیلئے مفید ٹوٹکے
بالوں کی خوبصورتی اور چمک کیلئے لوگ خاص طور پر خواتین نت نئے شیمپو اور ہیئر کنڈیشنرز استعمال کرتی ہیں لیکن اس کے باوجود بالوں کا قدرتی حسن واپس نہیں آتا۔ تاہم، کچھ ایسے گھریلو نسخے بھی ہیں جو نہ صرف خشکی کو ختم کردیتے ہیں بلکہ بالوں کی قدرتی چمک، ریشمی پن اور کشش کو دوبارہ بحال کردیتے ہیں۔ ذیل میں چند نسخوں کے بارے میں بتایا جا رہا ہے۔
ناریل کے دودھ کا استعمال: بہت سے لوگ بالخصوص خواتین بالوں کو دلکش بنانے اور خشکی کو ختم کرنے کیلئے موئسچرائزنگ کریموں کا استعمال کرتی ہیں جس سے بال سخت اور بھربھرے ہوجاتے ہیں۔ تاہم، کچھ شیمپو اور کنڈیشنر بالوں کی خشکی ختم کرسکتے ہیں لیکن اس کے کچھ نقصانات بھی ہیں۔ گھر پرہی کنڈیشنر بنانے کیلئے ناریل کا دودھ چوتھائی ٹن لیں اور بالوں پرلگا لیں لیکن جڑوں تک دودھ نہ جائے جبکہ بالوں کو چند منٹ تک اسی طرح رہنے دیں اور کسی اچھے شیمپو سے نہا لیں۔
سرکے، زیتون اور دہی سے علاج: ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکہ بالوں کیلئے قدرتی کلینزر کا کام کرتا ہے جسے مہینے میں ایک بار استعمال کیا جائے۔ شہر کے نمکین پانی کی وجہ سے بالوں میں سختی اور خشکی پیدا ہوجاتی ہے جس کیلئے زیتون کے تیل کا ایک چمچہ لے کر اسے دہی کے2 چمچوں کے ساتھ ملا کر استعمال کریں۔ اس نسخے سے بالوں کا پی ایچ متوازن ہوگا اور بالوں کی قدرتی چمک واپس آجائے گی۔
سیب اور لیموں کا استعمال: بالوں کی خشکی کو ختم کرنے اور چمک کیلئے لیموں اور سیب کا جوس انہتائی مفید ہے، جس کیلئے ایک چمچہ سیب کا جوس لے کر اس میں 2 چمچے لیموں کا رس ملا لیں اور شیمپو سے بال دھونے کے بعد اسے لگالیں اور ایک منٹ بعد سر دھو لیں۔ ماہرین کے مطابق سیب کے جوس کی تیزابیت بالوں کی بیرونی سطح کو لچکدار اور چمکدار بناتا ہے۔