بچوں کا انسائیکلوپیڈیا
پہاڑ کیسے وجود میں آئے؟ چند پہاڑ زمینی پر ت کے سُکڑائو اور تہہ داری کے عمل سے وجود میں آئے۔چند پہاڑ اس وقت ابھرے جب زمینی پرت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئی اور اس کے حصے ایک دوسرے پر چڑھ گئے۔پہاڑ اس وقت بھی بنتے ہیں جب آتش فشانی عمل کے دوران زمین کی کچی پرت کے نیچے سے لاوا راکھ سمیت ابل پڑتاہے۔مختلف بنائوٹ ہونے کی وجہ سے پہاڑوں کی خصوصیات مختلف ہوتی ہیں اور ان کی شکل وصورت و جسامت بھی مختلف ہوتی ہے۔
آتش فشاں Volcanos))پہاڑ
آگ کیوں اُگلتے ہیں؟
زمین کے اندر درجہ حرارت اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ چٹانیں پگھل کر رقیق مادے میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔چنانچہ جہاں زمین کی پرت پتلی ہوتی ہے وہاں سے یہ رقیق مادہ ابل کر باہر آنا شروع ہو جاتا ہے۔بعض اوقات یہ مادہ نہایت شدت سے چٹانوں کے پتھروں اور گرم راکھ کے ساتھ باہر آنا شروع ہو جاتا ہے۔ اسے ہم لاوا کہتے ہیں۔
دریا ئوں کی تہہ میں پتھر
کیوں ہوتے ہیں؟
ڈھلوان پہاڑوں پر کشش ثقل کی وجہ سے پانی نیچے کی طرف بہت تیزی سے بہتا ہے۔پانی میں کاٹ دینے اور توڑ پھوڑ کرنے کی زبر دست طاقت ہوتی ہے۔وہ بڑی بڑی چٹانوں کو اپنے ساتھ بہا لاتا ہے۔لیکن جب دریا میدانی علاقوں میں پہنچتاہے تو اس کی طاقت میں کمی آجاتی ہے اور وہ اپنے ساتھ بہنے والی چٹانوں اور پتھروں کو چھوڑ جاتا ہے۔پہلے یہ بڑی چٹانوں اور پتھروں کو جمع کر دیتا ہے جو دریا کی تہہ میں پڑے ملتے ہیں۔جب وہ سمندر کے قریب پہنچتا ہے توریت کے ذرّے اور کنکریاں ساحل پر پھیل جاتی ہیں۔