رہنمائے گھر داری جینز کیسے دھوئیں؟
جینز سے بنے رنگ دار ملبوسات کی دھلائی کا طریقہ ذرا الگ ہوتا ہے۔آج میں آپ کو کچھ ایسے طریقوں کے بارے میں بتائوں گی جن پر عمل کر کے نہ صرف یہ کہ کپڑے کا رنگ محفوظ رکھا جا سکتا ہے بلکہ اس کی عمر بھی بڑھتی ہے۔
جینز دھونے کا بہترین طریقہ
جینز کو دھونے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پہلے اسے اُلٹ لیا جائے اور پھر ٹھنڈے پانی سے دھویا جائے۔ معمول کے درجہ حرارت والا پانی رنگ دار جینز کیلئے ٹھیک ہوتا ہے جبکہ گرم پانی جینز کے سکڑنے کا سبب بنتا ہے۔ دوسری چیز یہ کہ جینز کو واشنگ مشین میں دیگر کپڑوں سے الگ دھویا جائے تاکہ اس پر کوئی اور رنگ نہ لگے جینز کو دھونے کے بعد خودکار ڈرائیر میں ڈالنے کی بجائے اسے ہوا میں خشک کرنا چاہیے۔
گہرے رنگ والی جینز کیلئے سِرکہ مفید رہتا ہے۔ ایسی جینز کی دھلائی کے وقت مشین میں ایک کپ سفید سرکہ(ڈٹرجنٹ کے بغیر) ڈالنا چاہیے۔اس کے بعد دوسری مرتبہ جینز کو ٹھنڈے پانی کے ساتھ مشین میں ڈالیں۔ اس مرتبہ بھی ڈٹرجنٹ کی ضرورت نہیں البتہ جینز کو اُلٹ ضرور دینا چاہیے۔
سفید سرکہ اور فیبرک سوفٹنر
جینز کے رنگ کی حفاظت کیلئے پینٹس کو صاف ٹب میں ڈالیں اور اس میں مناسب مقدار میں سفید سرکہ ڈالیں۔ پھر ہاتھوں سے کپڑے کو مَلیں۔ سرکے میں موجود تیزابی مادہ رنگ کو کپڑے پر جمائے رکھنے اور جینز میں موجود جراثیم کے خاتمے کیلئے کافی مؤثر چیز ہے۔ یوں سرکے میں ایک گھنٹے تک رکھنے کے بعد جینز کے کپڑوں کو نچوڑ کر واشنگ مشین میں دھوئیں۔ اس مرتبہ مشین میں کھانے کے نمک کے دو بڑے چمچے بھی ڈالیں۔
اگر جینز کو فیبرکس سافٹنر اور پانی کے محلول میں رات بھر کیلئے بھگو کر رکھا جائے تو یہ بھی ٹھیک ہے۔پھر اگلی صبح جینز کے ملبوسات کو ہاتھوں کی مدد سے اسے دھو لیا جائے۔