پی ایس ایل 10:بگل بج گیا،ٹرافی کی جنگ چھڑگئی

تحریر : محمد ارشد لئیق


پاکستان سپرلیگ کے دسویں ایڈیشن (پی ایس ایل10)کا بگل بج گیا، ٹرافی حاصل کرنے کی جنگ چھڑ گئی، 6ٹیموں میں سے اس بار ٹرافی کون جیتے گا ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ ’’پاکستان سپر لیگ 10‘‘ کا ابھی آغاز ہے اور انتہائی دلچسپ میچز دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

ابتدائی مرحلے میں ٹورنامنٹ کی ٹاپ فیورٹ ٹیموں یا بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا بھی ممکن نہیں، اس لیے ہم نے اپنے قارئین کیلئے پی ایس ایل کے بہترین ریکارڈز جمع کئے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ اپنی پسندیدہ ٹیموں اورکھلاڑیوں کی کارکردگی جان سکیں۔ 

’’اسلام آباد یونائیٹڈ‘‘ پی ایس ایل کی سب سے کامیاب ٹیم ہے، جس کی جیت کی شرح 55.44فیصد ہے جبکہ کراچی کنگز پی ایس ایل کی بدترین ٹیم ہے جس کی جیت کی شرح 37.89فیصد ہے۔’’ اسلام آباد یونائیٹڈ‘‘، ’’لاہور قلندرز‘‘ اور ’’کوئٹہ گلیڈی ایٹرز‘‘ پی ایس ایل میں دو، دو بار ٹائٹل جیتنے والی ٹیمیں ہیں۔ پشاور زلمی، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے ایک ایک بار پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا ہے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے پی ایس ایل میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ میچ جیتے ہیں۔ انہوں نے101 میچز کھیلے، ان میں سے 56جیتے اور 44 ہارے۔ اسلام آباد یونائیٹد کی جیت کا تناسب 55.44فیصد ہے۔ کراچی کنگز نے 95 میں سے 36، لاہور قلندرز نے 95 میں سے 40، ملتان سلطانز نے 79میں سے 45، پشاور زلمی نے 105 میں سے 55،  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 93 میں سے44 میچز میں کامیابیاں حاصل کیں۔

کراچی کنگز پی ایس ایل کی سب سے ناکام ٹیم ہے کیونکہ وہ سب سے زیادہ میچ ہاری ہے۔ اس نے 55 میچ ہارے۔ لاہور قلندرز پی ایس ایل میں سب سے زیادہ میچ ہارنے والی دوسری ٹیم ہے جسے 52میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پی ایس ایل میں جیتنے کا سب سے زیادہ تناسب ملتان سلطانزکا 56.96فیصد ہے۔ ملتان کی اب تک کی کامیابیوں سے ہر کوئی حیران ہے۔ پی ایس ایل 2018 ء میں ایک عام پرفارمنس سے آغاز کیا اور پی ایس ایل 2022ء میں 12 میں سے 10 میچز جیت کر اپنے عروج پر پہنچے۔ ملتان نے اپنی محنت اور لگن کے نتیجے میں محمد رضوان کی قیادت میں 2021ء کا پی ایس ایل جیتا۔ بہت کم وقت میں برانڈ ٹیم میں ان کی تبدیلی پاکستان سپرلیگ کی بہترین کامیابیوں میں سے ایک ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ55.44فیصدجیت کے تناسب سے دوسری سب سے زیادہ غالب ٹیم ہے۔ یونائیٹڈ نے پہلی بار 2016ء میں پی ایس ایل جیتا تھا ۔ کوئی بھی اس بات سے اختلاف نہیں کرسکتا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے بڑی تعداد میں بین الاقوامی سپر سٹارز حاصل کیے۔ یونائیٹڈ کی جیت کا سب سے زیادہ تناسب 2018ء اور 2021ء کے سیزن میں آیا جب اس نے کل 12 میں سے 8 میچز جیتے۔

 پشاور زلمی دنیا کی سب سے مقبول پی ایس ایل فرنچائز ہے، 2017ء زلمی کیلئے بہت اچھا سیزن تھا کیونکہ انہوں نے شاندار ریکارڈز کے ساتھ ٹائٹل جیتا تھا۔ ایک سیزن میں سب سے زیادہ جیت کے لحاظ سے زلمی نے2019ء کے سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب اس نے سیزن میں کھیلے گئے کل 13 میچوں میں سے 8 جیتے تھے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے 2019ء کا سیزن خوش قسمت تھا جب انہوں نے پی ایس ایل کی ٹرافی جیتی۔ انہوں نے اس سیزن میں اپنے 12 میں سے9 میچ جیتے۔ ملتان سلطانز کے برعکس گلیڈی ایٹرز شروع سے ہی پی ایس ایل میں شامل ہے۔ 

لاہور قلندرز کے پاس کراچی کنگز کے بعد پی ایس ایل میں فالوورز کی دوسری بڑی تعداد ہے، تاہم وہ ابتدائی سیزنز میں اپنے مداحوں کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے لیکن 2022ء کا پی ایس ایل سیزن لاہور قلندرز اور ان کے مداحوں کیلئے بہت مختلف تھا جب انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ٹائٹل جیتا تھا۔ لاہور نے پی ایس ایل 2022 ء کے 12 میں سے 8 میچ جیت کر اپنی طاقت دکھائی۔ پی ایس ایل کے ابتدائی سیزن قلندرز کیلئے مایوس کن تھے، کیونکہ انھوں نے صرف چند میچ جیتے تھے۔ اصل تبدیلی 2021ء اور 2022ء کے سیزن میں ہوئی جب انہوں نے پی ایس ایل کی کامیاب ترین ٹیموں میں خود کو شامل کروایا اور 2023ء کا ٹائٹل بھی جیت کر مسلسل دو بار ٹائٹل جیتنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ 

پی ایس ایل کے سرفہرست سپر سٹارز کراچی کنگز کا حصہ ہیں، اس لیے کراچی کنگز کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے، تاہم فتح کے تناسب کے لحاظ سے ان کی کارکردگی کم رہی ہے۔ کنگز کا پی ایس ایل کا سب سے کامیاب سیزن 2020ء تھا جب اس نے 12 میں سے 6 میچ جیتے تھے اور پی ایس ایل ٹرافی بھی جیتی تھی۔

پی ایس ایل میں شامل سپرسٹار کرکٹرز کی انفرادی کارکردگی کاجائزہ لیاجائے تو بیٹنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم3504رنز کے ساتھ  سرفہرست ہیں جبکہ فخرزمان 2526رنز کے ساتھ دوسرے ، محمد رضوان 2403سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ 

رواں سیزن کی بات کی جائے توافتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کے عبداللہ شفیق پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے ففٹی بنائی ، انہوں نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈکے کولن منرو نے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلوائی،اس طرح رواں سیزن کے وہ دوسرے بہترین بلے بازہیں۔گزشتہ روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں بھی 3 بلے بازوں سعود شکیل، فن ایلن اور صائم ایوب نے بھی نصف سینچریوں کا سنگ میل عبور کیا۔

پاکستان سپرلیگ کا دسواں ایڈیشن اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے اور نت نئے ریکارڈز قائم ہورہے ہیں،تمام ٹیمیں بہترین فارم میں ہیں اور شاندار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممبرز کے،،کارنامے،،کرکٹ ریکارڈز کا حلیہ بگاڑ دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں ایسوسی ایٹ ممبرز کی بھرمار نے کرکٹ ریکارڈ زکا حلیہ بگاڑ کررکھ دیا ہے۔اس وقت آئی سی سی کے 96ایسوسی ایٹ ممبر ز ہیں اورسب انٹرنیشنل ٹی 20کرکٹ کھیلنے کے اہل ہیں تاہم انہیں کسی بڑے ایونٹ کیلئے کوالیفائنگ راؤنڈ میں خود کو اہل ثابت کرنا پڑتا ہے۔

عثمان وزیر:پاکستان کا ابھرتا ہوا باکسنگ سٹار

پاکستان نے دنیا کو کئی عظیم کھلاڑی دیے ہیں، مگر باکسنگ کے میدان میں عثمان وزیر ایک ایسا نام ہے جو نہایت کم عرصے میں روشنی کی رفتار سے شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ عثمان وزیر نہ صرف ایک ہونہار باکسر ہیں بلکہ وہ نوجوان نسل کیلئے عزم، ہمت اور حب الوطنی کی شاندار مثال بھی ہیں۔

ہمایوں اور موٹو کی کہانی

مشہور مغل بادشاہ ہمایوں کی اماں کا نام ماہم بیگم تھا، ہمایوں کے والد شہنشاہ ظہیر الدین بابر نے اپنی رفیقۂ حیات کو شادی کے بعد ہی سے ماہم کہنا شروع کر دیا تھا یعنی ’’چاند‘‘ بہت ہی خوبصورت تھیں نا ہمایوں کی اماں۔ اسی لئے! ننھا ہمایوں بیمار ہوتا تو لگتا اماں بی خود بیمار ہو گئی ہیں، دن رات اپنے پیارے بیٹے کی دیکھ بھال کرتی تھیں۔ آگرہ کے لوگ ماہم بیگم کی بہت عزت کرتے تھے اور سب انہیں پیار سے اماں کہتے تھے۔

ہیلمٹ، ایک زندگی

سردیوں کی ایک شام تھی۔ لاہور کی سڑکوں پر دھند نے جیسے ہر منظر کو دھندلا دیا تھا۔ بازاروں میں چہل پہل تو تھی، مگر سڑکوں پر ایک عجب سا سنّاٹا تھا۔ اس دوران ایک نوجوان، جس کا نام ہارون تھا، بائیک پر سوار اپنے دوست کی شادی سے واپس آ رہا تھا۔

بہادر چپالو

محلہ گلزار آباد کا آم کا درخت بستی کی پہچان بن چکا تھا۔ یہ درخت نہ صرف سایہ فراہم کرتا تھا بلکہ اس کے رس بھرے پھل انسان و حیوان سب کے لیے خوراک کا سبب بنتے تھے۔

پہیلیاں

گونج گرج جیسے طوفان،چلتے پھرتے چند مکان جن کے اندر ایک جہان،پہنچے پنڈی سے ملتان (ریل گاڑی)