وقت سے پہلے ٹھوس غذائیں شیر خوار بچوں کیلئے نقصان دہ

ماؤں کو چاہئے کہ ابتدا سے ہی بچوں کی متوازن غذا پر توجہ دیں۔ انہیں شروع سے ہی پھل اور سبزیاں کھلانے کی کوشش کریں،تاکہ ان کے سب کھانے کی عادت بنے۔
طبی ماہرین نے ان والدین کو خبردار کیاہے جو تجویز کردہ وقت سے بہت پہلے اپنے شیر خواروں کو ٹھوس غذائیں دینا شروع کردیتے ہیں۔ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ 93فیصد مائیں چھ ماہ کی عمرکو پہنچنے سے پہلے ہی اپنے شیر خوار بچوں کو ٹھوس غذاؤں سے متعارف کرا دیتی ہیں۔
بہت سے طبی ماہرین یہ سمجھتے ہیں کہ کم ازکم چھ ماہ تک ماؤں کو اپنا دودھ بچوں کو پلانا چاہیے اور اس دوران انہیں کوئی ٹھوس غذا نہیں دینی چاہے۔ ریسرچرز نے یہ بھی دریافت کیا تھا کہ غریب،کم عمر اور کم تعلیم یافتہ مائوں میں اس بات کا زیادہ امکان تھا کہ وہ وقت سے پہلے اپنے بچوں کو ٹھوس غذائیں دیں گی اس رجحان کی وجہ بظاہر سمجھ میں آتی ہے کہ بچوں کو فارمولا دودھ پلانا ان ماؤں کو مہنگا محسوس ہو رہا ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں کچھ مائیں اس غلط فہمی کا بھی شکار رہتی ہیں کہ ٹھوس غذا کھا کر شیر خوار بچوں کو نیند آتی ہے، تاہم ریسرچز نے خبردار کیا ہے کہ چھ ماہ کی عمر کو پہنچنے سے پہلے اگر شیر خواروں کو ٹھوس غذائیں دی جائیں تو وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ قبل ازوقت ٹھوس غذا کھلانے سے بعد کی زندگی میں بچے موٹاپے کا بھی شکار ہوسکتے ہیں۔