ذرامسکرائیے

باپ نے بیٹے سے کہا : ’’دیکھو عمران آج جو مہمان ہمارے ہاں آنے والا ہے، اس کی ناک کے متعلق کوئی سوال نہ کرنا‘‘۔
جب مہمان آیا تو عمران حیرانی سے اپنے باپ کو کہنے لگا:
’’ آپ تو کہتے تھے کہ ان کی ناک کا ذکر نہ کرنا، ان کی ناک ہی نہیں ہے، بات کیا خاک کروں گا‘‘۔
٭٭٭
گاہک:آج کے بعد اگر میرا کتا بھی تمہاری دکان پر آئے تو تمہیں اس کی عزت کرنی ہو گی۔
دکاندار: بہت بہتر جناب! آپ کا کتا آئے تو میں سمجھوں گا کہ جناب ہی تشریف لائے ہیں۔
٭٭٭
ایک چھوٹی لڑکی نے جس کا باپ جج تھا، پیار سے پوچھا: ’’ ابا جان میری سالگرہ پر آپ مجھے کیا تحفہ دیں گے‘‘۔
باپ جو کسی مقدمے کا فیصلہ لکھنے میں مصروف تھا، بولا:
’’ چودہ سال قید بامشقت‘‘۔
٭٭٭
مالک:(نوکر سے) میری گھڑی تم نے چرائی ہے۔
نوکر: نہیں جناب! میں نے نہیں چرائی۔
مالک: قسم اٹھائو۔
نوکر: آج تو میں بہت تھکا ہوا ہوں۔ کل اٹھا لوں گا۔
٭٭٭
بچہ:(روتے ہوئے دادی جان سے) مجھے علی نے مارا ہے۔
دادی جان:(غصہ سے) کہاں ہے وہ میں اسے کچا چبا جائوں گی۔
بچہ:(معصومیت سے) دادی جان آپ کے منہ میں دانت تو ہیں نہیں۔
٭٭٭
ماں:(بیٹے سے) اگر تم اچھے نمبروں سے پاس ہو گئے تو ایک قلم انعام میں دوں گی۔
بیٹا: اگر میں اچھے نمبروں سے فیل ہو گیا تو…۔
ماں:(غصے سے) تو جوتے!
بیٹا: بس امی مجھے آپ کا فیصلہ منظور ہے کیونکہ میرے جوتے پھٹ چکے ہیں۔
٭٭٭
ماسٹر صاحب نے لڑکوں کو سوال لکھوایا’’ دل کی شکل بنا کر اس کے کام بتائیں۔‘‘
ایک لڑکے نے سوال حل کرنے کے بعد کاپی ماسٹر صاحب کو دکھائی۔ لکھا تھا۔
’’ دل ایک نازک چیز ہے۔ یہ لینے دینے کے بھی کام آتا ہے اگر ٹوٹ جائے تو ہرگز نہیں جڑتا۔ اگر کسی کی یاد آ جائے تو بہت بیقرار ہو جاتا ہے۔ نیز یہ خون کے آنسو بھی روتا ہے‘‘۔
٭٭٭
پہیلیاں۔۔۔
1۔ وہ کونسی سواری ہے جو آدھی اللہ نے بنائی، آدھی انسان نے بنائی؟
گدھا گاڑی
-2وہ کونسا ڈریس ہے جسے آپ پہن نہیں سکتے؟
(ایڈریس)
-3وہ کونسی چیز ہے جسے توڑ کر انسان خوش ہوتا ہے؟
(ریکارڈ)
4۔ وہ کونسی چیز ہے جو 3 سوئیاں رکھتی ہے مگر سلائی نہیں کر سکتی؟
گھڑی
-5ایسی چیز کا نام بتائیں جس میں سے دھواں نکلتا ہے لیکن وہ گرم نہیں ہوتی!
(برف)
-6۔ تین لوگ نہر میں نہا رہے تھے،لیکن صرف دو لوگوں کے بال گیلے ہوئے۔ کیوں؟
تیسرا گنجا تھا۔
-7وہ کیا چیز ہے جس کو ضرورت کے وقت پھینک دیا جاتا ہے اور جب ضرورت نہ ہو تو رکھ لیا جاتا ہے؟
(بحری جہاز کا لنگر)
-8وہ کونسا کاغذ ہے جس پر ہمارے دستخط ہوتے ہی وہ جعلی بن جاتا ہے؟
(ڈیتھ سرٹیفیکیٹ)
-9وہ کونسی چیز ہے جو پانی میں گیلی نہیں ہوتی؟
(پرچھائی)
-10وہ کونسا پھل ہے جو کچا ہو تو میٹھا او ر پکا ہو تو کڑوا لگتا ہے؟
(پائن ایپل)
معلومات
٭…پاکستان کی سب سے بڑی لائبریری پنجاب پبلک لائبریری ہے۔
٭…دنیا میں سب سے پہلا زیبرا کراسنگ کا قانون برطانیہ میں 1951ء میں نافذ ہوا۔
٭…دنیا میں سب سے پہلا ٹی وی کا کامیاب تجربہ 1925ء میں ہوا۔
٭…پاکستان کا پہلا سکہ 1948ء میں جاری ہوا۔
٭…ہیمنگ برڈ (Heming Bird) دنیا کا سب سے چھوٹا پرندہ ہے۔
٭…ایک 100 پاور کا بلب اگر مسلسل 10 گھنٹے جلتا رہے تو بجلی کا ایک یونٹ خرچ ہو گا۔
٭…پیغمبروں کی سر زمین فلسطین کو کہتے ہیں۔
٭…پھولوں کا ملک ہالینڈ کو کہتے ہیں۔
٭…موٹر کار 1768ء میں ایجاد ہوئی۔ (فرانس)
٭…پستول 1500ء میں ایجاد ہوا۔ (اٹلی)
٭…شہد کو ہضم کرنا نہایت آسان ہے کیونکہ یہ پہلے سے ہی شہد کی مکھیوں کے ذریعہ ہضم شدہ حالت میں ہوتا ہے۔
٭…اْلو واحد ایسا پرندہ ہے جو اپنی اوپری پلک جھپکاتا ہے۔ باقی سارے پرندے اپنی نچلی پلک جھپکاتے ہیں۔