پنجاب اتھلیٹس کی بہترین نرسری
نیشنل گیمز 2025ء میں پنجاب کے اتھلیٹس نمایاں رہے، 126 میڈلز اپنے نام کئے
35ویں نیشنل گیمز کراچی میں صوبہ پنجاب کے اتھلیٹس و ٹیموں کی شاندارکارکردگی نے نہ صرف سب کو حیران کردیا بلکہ گرین شرٹس کی بہترین نرسری کے طور پر ایک نئی امید بھی پیدا کر دی۔ نیشنل گیمز پاکستان میں قومی کھیلوں کے کیلنڈر کا سب سے باوقار ایونٹ ہیں جو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام دو سال میں متعلقہ صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنز اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان گیمز میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے تمام الحاق شدہ یونٹس ڈیپارٹمنٹس اور صوبے حصہ لیتے ہیں۔اہم قومی اداروں کی موجودگی میں صوبائی ٹیموں و کھلاڑیوں کا وکٹری سٹینڈ تک پہنچنا اور طلائی تمغے جیتنا بڑی حوصلہ افزا بات ہے۔
حال ہی میں کراچی میں ہونے والی نیشنل گیمز میں پنجاب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام صوبوں اور کئی اہم قومی اداروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ پنجاب نے مجموعی طور پر126 میڈلز اپنے نام کرتے ہوئے 16 گولڈ، 38 سلور اور 72 برونز میڈلز جیت کر صوبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب کی جانب سے جمناسٹک میں محمدوقاص، کراٹے میں سردار احسن رسول، زہرا بتول اور حمانیہ جاوید، ویٹ لفٹنگ میں فرقان احمد، ریسلنگ میں محمد عبداللہ اور محمد عبدالرحمان، ووشو میں کاظم حسین، محمد رمضان، ذوالفقار خان اور مریم رفیق ، ٹیبل ٹینس (مکس ڈبل) میں سید اویس حسن اور کلثوم خان ، فینسنگ میں محمدنعیم ثاقب، فینسنگ فوئل ٹیم ایونٹ میںظہیر مشتاق، محمد شعیب، تصور حیات اور حمزہ شاہد، فینسنگ ٹیم ایونٹ میں نعیم ثاقب، غلام مرتضیٰ، نعمان اعجاز اور تحسین ناصر، فینسنگ فی میل ایپی ٹیم ایونٹ میں اروبہ حفیظ، نتاشہ مقصود، نوال ندیم اور شکیلہ اقبال نے گولڈ میڈلز جیت کر تاریخ رقم کی اور پورے پنجاب کا سر فخر سے بلند کردیا۔
اس حوالے سے ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری نے ’’دنیا‘‘ کو بتایا کہ پنجاب کے میڈل ونرز کو انتہائی پرکشش نقد انعامات سے نوازا جائے گا اور تقریب تقسیم انعامات بہت جلد لاہور میں ہو گی۔ ٹیم ایونٹس میں گولڈمیڈلسٹ ٹیم کو 8لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ ٹیم کو 5لاکھ روپے اور برونز میڈلسٹ ٹیم کو 3لاکھ روپے نقد جبکہ انفرادی طور پر گولڈمیڈلسٹ کو 5لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کو 3لاکھ روپے اور برونز میڈلسٹ کو2لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔
نیشنل گیمز کے گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں نے سپورٹس بورڈ پنجاب آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے تربیتی کیمپس میں بہترین سہولیات اور کوچز نے تربیت کی جس کی بدولت ہماری گیمز میں مزید نکھارپیدا ہوااور ہم گولڈ میڈلز جیت کر آئے، ہماری جیت میں وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری کا کلیدی کردار ہے، جنہوں نے ہمیں تربیتی کیمپس میں بہترین کھانا، رہائش اورماہر کوچز فراہم کئے۔ ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر افضال چوہدری نے کراچی میں ہمارے وینیوز پر آکر ہمارے مقابلے دیکھے جس سے ہمارا حوصلہ مزید بڑھ گیا اورگولڈ میڈ لز جیت کر آئے۔
ٹیبل ٹینس مکسڈ ڈبلز میں پنجاب کے گولڈ میڈلسٹ محمد اویس حسن اور کلثوم خان نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ہمیں ٹریننگ کیلئے بہترین سہولیات مہیا کی گئیں،جس کی وجہ سے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے، سپورٹس بورڈپنجاب کی جانب سے کھلاڑیوں کی فلاح بہبود کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو کھلاڑیوں کیلئے بہت بڑا اقدام ہے۔فینسنگ میں گولڈ میڈل جیتنے والی نتاشا مقصود اور نوال ندیم نے کہا ہے کہ تربیتی کیمپ کے دوران بہترین سہولیات فراہم کرنے پر صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر اور ڈی جی سپورٹس پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ نیشنل گیمز میں سخت مقابلہ تھا لیکن ہمارے کوچز نے میدان میں 100 فیصد کارکردگی دکھانے کیلئے ہمیں بہت حوصلہ دیا۔ووشو میں بوائز مائنس80 کلو گرام کیٹیگری کے گولڈ میڈلسٹ زیب حسنین اور گرلز مائنس 56 کلوگرام کیٹیگر ی کی گولڈ میڈلسٹ مریم رفیق نے کہا ہے کہ تربیتی کیمپس کے دوران سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے دی جانیوالی سہولیات اور ماہر کوچز کی تربیت کی وجہ سے ہم نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔