2025ء : نوجوان کرکٹرز کیلئے شاندار سال
سینئرز کوئی بڑا ایونٹ نہ جیتے، جونیئرز چھا گئے:جونیئرز نے ہانگ کانگ انٹرنیشنل سکسز کی ٹرافی اٹھائی، ایمرجنگ کپ ، انڈر 19ایشیا کپ جیتا، نوجوانوں کی شاندار فتوحات نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی کرکٹ کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے
2025ء کا سال پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک خوش آئند پیغام لے کر آیا، جہاں نوجوان کرکٹرز نے اپنی صلاحیتوں، حوصلے اور جذبے سے دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم سربلند کیا۔ وہ پاکستان جسے کبھی صرف ماضی کے عظیم کھلاڑیوں کے حوالے سے یاد کیا جاتا تھا، اس برس نوجوان ٹیلنٹ کی بدولت ایک نئی شناخت کے ساتھ ابھرا۔ 2025ء میں سینئر قومی ٹیم کسی بڑے عالمی ایونٹ میں کامیابی حاصل نہ کر سکی، مگرنوجوان کرکٹرز نے اپنی کارکردگی سے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ جونیئر ٹیموں نے میدان میں اتر کر شاندار فتوحات سمیٹیں اور قوم کو مسرت کے لمحات عطا کیے۔ ہانگ کانگ سکسز، ایشین ایمرجنگ کپ اور انڈر 19 ایشیا کپ جیسے اہم مقابلوں میں نوجوانوں کی شاندار فتوحات نے ثابت کر دیا کہ پاکستانی کرکٹ کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ان فتوحات سے نہ صرف مایوسی کے بادل چھٹے بلکہ مستقبل کیلئے امید، اعتماد اور روشن امکانات کی نئی کرن بھی پیدا ہوئی۔
ہانگ کانگ انٹرنیشنل سکسز
ہانگ کانگ انٹرنیشنل سکسز اپنی تیز رفتاری، کم اوورز اور بھرپور تفریح کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتا ہے، جہاں ہر گیند میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہانگ کانگ انٹرنیشنل سکسز 2025ء پاکستانی کرکٹ کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک یادگار اور تاریخی ایونٹ ثابت ہوا، جہاں مختصر فارمیٹ میں طویل المدتی اثرات چھوڑنے والی کارکردگی دیکھنے میں آئی۔ دنیا بھر کی مضبوط اور جارح مزاج ٹیموں کے درمیان پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں نے نہ صرف اعصاب پر قابو رکھا بلکہ اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے شائقینِ کرکٹ کو حیران بھی کر دیا۔پاکستانی نوجوانوں نے ثابت کیا کہ وہ دباؤ میں کھیلنے کا ہنر خوب جانتے ہیں۔ جارحانہ بیٹنگ، برق رفتار فیلڈنگ اور بروقت وکٹیں حاصل کرنے کی صلاحیت نے پاکستان کو ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم بنا دیا۔
قومی ٹیم نے فائنل میں کویت کو 44 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔فائنل میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے، کپتان عباس آفریدی نے صرف 11 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔قومی بلے باز عبدالصمد نے 13 گیندوں پر 42 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 2 چکے شامل تھے جبکہ خواجہ نافع نے 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 6 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے معاذ صداقت نے 2 اوورز میں 29 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عبدالصمد، عباس آفریدی اور محمد شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔چھوٹے میدان اور محدود اوورز کے باوجود نظم و ضبط کے ساتھ کھیلنا اس بات کا ثبوت تھا کہ یہ کھلاڑی جدید کرکٹ کے تقاضوں سے بخوبی واقف ہیں۔ دوسری جانب بولرز نے بھی لائن اور لینتھ پر بھرپور توجہ دے کر مخالف ٹیموں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
ایمرجنگ ایشیا کپ 2025ء
ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستانی نوجوان کرکٹرز کی شاندار کامیابی نے نہ صرف ملکی کرکٹ حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی بلکہ ایشیائی سطح پر پاکستان کے ٹیلنٹ کا لوہا بھی منوا لیا۔ اس اہم ٹورنامنٹ میں جہاں ایشیا کی مضبوط ٹیموں کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی شریک تھے، وہاں پاکستانی ایمرجنگ ٹیم نے منظم حکمتِ عملی، جارحانہ کھیل اور غیر متزلزل اعتماد کے ساتھ میدان مار لیا۔ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی پاکستانی نوجوانوں نے اپنے ارادے واضح کر دیے تھے۔ بیٹنگ لائن میں تسلسل، بائولنگ میں تنوع اور فیلڈنگ میں چستی ٹیم کی نمایاں خصوصیات رہیں۔ مشکل مواقع پر کھلاڑیوں نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔
بائولنگ ڈیپارٹمنٹ نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فاسٹ بائولرز کی رفتار اور سوئنگ، جبکہ اسپنرز کی چالاکی نے مخالف ٹیموں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں بروقت وکٹیں حاصل کرنا پاکستانی ٹیم کی کامیابی کا اہم سبب بنا۔ اس کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں نوجوان کھلاڑیوں کی پھرتی اور کمٹمنٹ نے ٹیم کے مجموعی معیار کو مزید بلند کر دیا۔
14نومبر سے 23نومبر تک قطر میں کھیلے جانے والے ایمرجنگ ایشیا کپ 2025ء میں پاکستان شاہینز ناقابل شکست رہا اور فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کوفائنل ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں شکست دے کر ریکارڈ تیسری بار ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کرکٹ ٹورنامنٹ جیتااور بنگلہ دیش اے کا پہلی بار ٹورنامنٹ جیتنے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔فائنل میں بنگلہ دیش اے نے ٹاس جیت کر بائولنگ کا فیصلہ کیا۔ فاتح سائیڈ 125رنز بناکر آئوٹ ہوگئی جواب میں بنگلہ دیش نے بھی 9 وکٹ پر 125 رنز بنائے۔ فائنل ٹائی ہوگیا اور فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔ پاکستان نے اس سے قبل 2019ء اور 2023ء میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا جب یہ ایشیا کپ ایمرجنگ کہلاتا تھا۔ پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے میں عمان ، بھارت اے اور متحدہ عرب امارات کو شکست دی، سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو ہرایا۔
انڈر 19 ایشیا کپ
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو191 رنز سے مات دے کر ایک شاندار فتح حاصل کی، جس کے بعد ٹیم کا وطن واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، اور اس کامیابی کا کریڈٹ مینٹور سرفراز احمد اورکوچنگ سٹاف کو دیا جا رہا ہے۔قارئین کیلئے فائنل میچ کی تفصیل بیان کرنا ضروری ہے کہ کس طرح ہمارے شاہینوں نے بھارتی سورمائوں کا غرور خاک میں ملایا۔ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔پاکستان کی جانب سے ملنے والے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 26.2 اوورز میں 156 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 4، محمد صیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز سکور کیے۔بھارت کے خلاف سمیر منہاس نے 17 چوکے اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دھار 172 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 103 رنز محض 71 گیندوں پر بنائے، سمیر اس ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر ہیں۔اس کے علاوہ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18رنز بنائے۔ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
سمیر منہاس کی ریکارڈساز کارکردگی بیان کیے بغیر بھی آرٹیکل مکمل نہیں ہوتا، ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں پاکستان کے اوپنر سمیر منہاس نے بھارت مخالف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔فائنل میچ میں سمیر منہاس نے بھارتی بائولرز کے خلاف دھواں دار بیٹنگ کی اور چھکوں چوکوں کی بارش کر دی۔سمیر نے بھارتی بائولرز کی خوب دھلائی کی اور 113 گیندوں پر 172رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔سمیر منہاس نے اپنی اننگز کے دوران17 چوکے اور 9 چھکے لگائے، انہوں نے 122 رنز بائونڈریز لگاکر حاصل کیے۔سمیر منہاس نے باونڈریز لگاکر سب سے زیادہ رنز بنانے والے انڈر 19 پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔اس سے قبل بائونڈریز کے ذریعے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ شمائل حسن کے پاس تھا جنہوں نے 2023ء میں سری لنکا انڈر 19 کیخلاف 150 رنز کی اننگ کھیلی تھی، جس میں 13 چوکے اور سات چھکے لگائے تھے۔
سپر سکسز،ایمرجنگ ایشیا کپ اورانڈر 19 ایشیا کپ میں کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف درست رہنمائی اور تسلسل کے ساتھ مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ یہ ٹورنامنٹس نوجوان کھلاڑیوں کیلئے مضبوط پلیٹ فارمز ثابت ہوئے، جہاں انہوں نے بین الاقوامی دباؤ میں خود کو منوا کر مستقبل کیلئے امید کی کرن روشن کی۔