رمضان کے پکوان:ڈیٹس پائی

اسپیشل فیچر
اجزاء :میدہ دوپیالی ،کھجوریں 200گرا م ،نمک چٹکی بھر ،بیکنگ پائوڈردوچائے کے چمچ ،پسی ہوئی چینی دوکھانے کے چمچ ،مکھن یا مارجرین ایک کھانے کا چمچ ،
تیاری کا وقت :20سے 25منٹ ، بیکنگ کا وقت :20 سے 25منٹ ، تعداد :10 سے 12 عدد
ترکیب :بناسپتی گھی کو کانٹے کی مددسے ہلکا سا پھینٹ لیں اور فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کر لیں۔ میدہ میں بیکنگ پائوڈر ڈال کر چھان لیں پھر اس میں نمک اوربناسپتی گھی ڈال کر دوکانٹوں کی مدد سے ملالیں۔ درمیان میں حسب ضرورت ٹھنڈا یخ پانی ایک ایک چمچ کر کے ڈالتے جائیں تاکہ وہ گندھے ہوئے آٹے کی شکل میں آجائے۔ خیال رہے کہ یہ سارا عمل ٹھنڈی جگہ پر کریں اور اس آٹے کو دس منٹ کیلئے فریج میں رکھ دیں۔ پھر اس کی روٹی بیل لیں اور کٹر کی مددسے گول پور یوں کی طرح کاٹ لیں ۔
پین کو ہلکا سا چکنا کرکے اس میں خشک میدہ چھڑک لیں اور ہرپوری کو احتیاط سے ایک ایک سانچے میں لگالیں۔ کانٹے سے تھوڑے تھوڑے فاصلے پر سوراخ کردیں تاکہ بیک ہوتے ہوئے پھولنے نہ پائے۔ اوون کو بیس منٹ پہلے گرم کرکے اس سانچے کو اس میں رکھیں اور بیس سے پچیس منٹ کیلئے بیک کرلیں۔ گولڈن برائون ہونے پر اوون سے نکال کر ٹھنڈا کرلیں۔
فلنگ بنانے کے لیے :کھجوروں کو صاف دھوکر ان کے بیج نکال لیں اور ان کو ہلکی آنچ پر پکنے رکھ دیں، پانچ سے سات منٹ پکانے کے بعد اس میں ایک کا چمچ مارجرین یا مکھن اور چینی ڈال کر چولہے سے اتارلیں ۔چمچ سے کچلتے ہوئے ٹھنڈا کرلیں اور ہرپائی شیل میں ایک ایک کھانے کا چمچ ڈال دیں۔ اس خوبصورت اور مزیدار ڈش کوآج کل مہمانوں کو بنا کر پیش کریں۔
فش شامی کباب
اجزاء:مچھلی کے قتلے ایک کلو ، چنے کی دال آدھی پیالی،آلو ایک عدد، نمک حسب ذائقہ ،لہسن کے جوئے چار سے چھ عدد،پیازایک عدد درمیانی، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ،دہی آدھی پیالی،ہری مرچیں دوسے تین عدد ،ہرادھنیا آدھی گٹھی ،ڈبل روٹی کا چورا حسب ضرورت ، انڈے دوعدد ،کوکنگ آئل حسب ضرورت ۔
تیاری کا وقت : پندرہ سے بیس منٹ ،پکانے کا وقت :آدھا گھنٹہ ،تعداد:دس سے بارہ عدد
ترکیب :چنے کی دال کو دھوکر پندرہ سے بیس منٹ بھگو کر رکھیں پھر ابلا کر گلا لیں اس کے ساتھ ہی آلو بھی چھیل کر شامل کردیں۔
مچھلی کو صاف دھوکر رکھیں اور اس پر کچلا ہوا لہسن نمک ، لیموں کارس لگالیں۔ دس منٹ رکھ کر اسے درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ مچھلی کا اپنا پانی خشک ہوجائے۔
پین میں دوکھانے کے چمچ کوکنگ آئل کو گرم کرکے اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز کو ہلکی سنہری فرائی کرلیں۔ پھر اس میں لال مرچ ، زیرہ اور دہی ڈال کر بھونیں، ساتھ ہی دا ل اور مچھلی شامل کردیں۔ اچھی طرح دہی کا پانی خشک ہونے پر اتارلیں اور ٹھنڈا ہونے پر چاپرمیں پیس لیں اس مکسچر میں نمک، باریک کٹی ہوئی ہری مرچھیں اور ہرادھنیا شامل کردیں۔
حسب پسند شیپ کے کبا ب بنالیں اور دس منٹ کیلئے فریج میں رکھ دیں۔ فرائنگ پین میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر گرم کریں اور ان کبابوں کو پھینٹے ہوئے انڈے میں ڈبو کر ڈبل روٹی کا چورا لگالیں اور سنہرے فرائی کرلیں۔ شام کی چائے پر ان مزیدار کبابوں کا چٹنی یا کیچپ کے ساتھ لطف اٹھائیں۔