انگلش بولرجوفرا آرچر کا آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے مہنگا سپیل

حیدرآباد (سپورٹس ڈیسک) انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ کا مہنگا ترین سپیل کروا کر ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔سن رائزز حیدرآباد کے بیٹرز نے راجستھان کے باؤلرز کا بھرکس نکالتے ہوئے۔۔
مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 286 رنز بنا ئے ۔ راجستھان رائلز کے باؤلر جوفرا آرچر نے 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کیے 76 رنز دیئے جوکہ آئی پی ایل کی تاریخ میں کسی بھی باؤلر کا سب سے مہنگا سپیل ہے ،اس سے قبل یہ ناپسندیدہ ریکارڈ گزشتہ سال گجرات ٹائٹنز کے باؤلر موہت شرما کے پاس تھا جنہوں نے دہلی کیپیٹلز کے خلاف 4 اوورز میں 73 رنز دیئے تھے ،دوسری طرف سابق بھارتی سپنر ہربھجن سنگھ انگلش فاسٹ بولر جوفرا آرچر کیخلاف نسلی ریمارکس پر تنازع میں پھنس گئے ۔ ہربھجن سنگھ نے دورانِ کمنٹری کہا کہ لندن میں کالی ٹیکسی کا میٹر تیز بھاگتا ہے اور یہاں پر آرچر صاحب کا میٹر بھی تیز بھاگا ہے ۔یہ بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ایک طوفان آگیا اور ایک صارف نے لکھا کہ یہ شرمناک اور ناقابلِ قبول ہے ، ہربھجن سنگھ کو فوری طور پر کمنٹری پینل سے معطل کرنا چاہیے ۔ایک اور صارف نے کہا کہ آئی پی ایل جیسے بڑے ایونٹ میں اس قسم کے بیانات کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے ۔