نیشنل گیمز کیمپس:ڈاکٹرز وماہر غذائیت کی خدمات لینے کا فیصلہ

لاہور(سپورٹس ڈیسک )سپورٹس بورڈ پنجاب نے نیشنل گیمز کے کیمپس کے لیے ڈاکٹرز اور ماہر غذائیت کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
کراچی میں ہونے والے نیشنل گیمز کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب نے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے ، کیمپس کے دوران کھلاڑیوں کی صحت کے حوالے سے اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں اوراس حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب کا اہم اجلاس ہوا جس میں بورڈ کے عہدیدار وں پنجاب اولمپکس ایسوسی ایشن کے نمائندوں ڈاکٹرز اور ماہرغذائیت نے شرکت کی۔ڈی جی سپورٹس پنجاب خضر اقبال چودھری نے بتایا کہ 50سے زائد ڈاکٹرز اور عذائیت کے ماہر تربیتی کیمپس میں فرائض سرانجام دیں گے جو کوچز اور کھلاڑیوں کو غذا اور اس کی اہمیت پر لیکچرز دیں گے ۔ نیشنل گیمز میں شریک ہونے والے کھلاڑیوں کی غذائیت اور فٹنس بہت اہم ہے کیونکہ کھلاڑی فٹ ہوں گے تو اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے ۔