2013پراپرٹی کے لئے مثبت سال رہا: زمین ڈاٹ کام
انویسٹمنٹ کے محفوظ مواقع فراہم کرنے کے باعث ڈی ایچ اے لاہور توجہ کا مرکز بنا رہا
لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان کے پراپرٹی سیکٹر میں 2013کے دوران خریدو فروخت کی سرگرمیوں میں خاصا اضافہ دیکھا گیا۔زمین ڈاٹ کام کے مطابق ایک سال کے اندر لاہور، اسلام آباد اور کراچی جیسے بڑے شہروں میں جہاں گھروں کی قیمتیں بڑھیں وہیں پلاٹوں کی قیمتوں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔ 2013میں لاہور کی مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی جس میں سرمایہ کاروں کا رجحان ڈی ایچ اے میں نمایاں رہا۔ ڈیفنس جو کہ لاہور کا سب سے قابل ذکر علاقہ ہے، پرکشش سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے باعث سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ ڈیفنس کا علاقہ فراڈ سے پاک اور سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ترین رہائشی منصوبہ سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ نفع بخش مارکیٹ 2013میں انویسٹرز کی وجہ سے اپنی جانب کھینچنے میں کامیاب رہی۔ نذیر اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے منیر احمد نے کہا کہ آسان اور شفاف خریدو فروخت کے طریقہ کار کو دیکھتے ہوئے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ سرمایہ کار ڈی ایچ اے کو باقی تمام کمیونٹیز پر فوقیت کیوں دیتے ہیں۔ ان وجوہات کی بنا پر ڈی ایچ اے نے 2013میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا بڑا حصہ حاصل کیا جس سے خریداروں میں جوش پیدا ہوا۔ جہاں لوگوں نے عام طور پر ڈی ایچ اے لاہور کو صاف طور پر ترجیح دی وہیں بحریہ ٹائون لاہور کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ارسلان ایسوسی ایشن کے علی اکبر کے مطابق مارکیٹ میں آخری چند مہینے زیادہ تیزی اور اضافے کا باعث بنے۔ اسلام آباد میں لوکل ڈویلپرز کے ساتھ ساتھ سی ڈی اے نے 2013میں کئی نئے سیکٹر شروع کرنے کا اعلان کیا جو کہ سرمایہ کاروں کی توجہ کھینچنے میں ناکام رہے۔