پاکستان ،ملائشیا ملکر اسلامو فوبیا کا مقابلہ کر سکتے ، یوسف گیلانی
اسلام آباد (دنیارپورٹ ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے کوالالمپور میں ملائشیا کی مشاورتی کونسل برائے اسلامی تنظیم کے صدر سکگو عزمی عبدالحمید (ستارہ پاکستان)نے ملاقات کی۔
سکگو عزمی عبدالحمید ملائشیا میں انسانی حقوق اور خاص طور پر اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ایک سرکردہ کارکن کے طور پر کام کر رہے ہیں اور بھارتی مقبوضہ کشمیر کے عوام کےحق میں بھی آواز بلند کرتے رہتے ہیں،انہوںنے چیئرمین سینیٹ کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اور دنیا کے مختلف ممالک میں مظلوم مسلمانوں کی امداد کے لیے اٹھا ئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور کشمیری عوام کے لیے امداد پر پاکستانی بہنوں اور بھائیوں کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ چیئرمین سینیٹ نے سکگو عزمی عبدالحمید کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا پاکستان اور ملائشیا اسلامو فوبیا جیسے چیلنجز کا مل کر مقابلہ کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل کے لیے ڈائیلاگ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس طریقے سے ہم ایک پرامن دنیا کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔