پلانٹ اے ٹری فار پاکستان مہم کا آغاز
ملتان(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جنوبی پنجاب میں ‘‘پلانٹ اے ٹری فار پاکستان ’’ مہم لانچ کردی گئی ہے ۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے سوموار کو سرکٹ ہائوس میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔سیکرٹری سروسز انجینئر امجد شعیب خان ترین، ایڈیشنل سیکرٹری فاروق ڈوگر، ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر،سماجی شخصیات الطاف شاہد اور افضل سپرا نے بھی پودے لگا کر مہم میں حصہ لیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کی طرح پاکستان کو بھی موسمیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کا سامنا ہے اور کلائمیٹ چینج کے مضر اثرات کو شجرکاری سے کم کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی سے فصلوں اور باغات کی پیداوار متاثر ہورہی ہے اور زرعی پیداوار کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے جنوبی پنجاب میں جنگلات میں اضافہ ضروری ہے ۔فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جشن آزادی کے موقع پر صوبہ بھر میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا جارہا ہے اور ہر شہر اور ہر گائوں میں پودے لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی شرکت کے بغیر کسی مہم کو کامیاب نہیں بنایا جاسکتا اس لئے شہری اور پرائیویٹ سیکٹر آگے بڑھے اور مہم کامیاب بنانے کے لئے اس میں حصہ لے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے مہم کے لئے 10000 ہزار پودے عطیہ کرنے پر الطاف شاہد کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ یہ پودے شہر کے مختلف ایریا میں لگائے جائیں گے اور پی ایچ اے ان کی دیکھ بھال کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سر سبز پاکستان ہماری منزل اور ہماری آنیوالی نسلوں کا مستقبل ہے ۔