یوم آزادی بزرگوں کی قربانیوں کی یادگار،ثاقب عطیل
ملتان(وقائع نگار خصوصی)ملک بھر کی طرح ایگریکلچر سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں بھی 77 واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے سے منایا گیا۔
یوم آزادی کی تقریب کی مناسبت سے پرچم کشائی کی گئی۔پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا اور مادر وطن کے شہدا کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ 14اگست کا دن ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔ملکی ترقی کیلئے ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات ایمان،اتحاد اور تنظیم پر من وعن عمل پیر ہونا ہوگا تاکہ ملک پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے مون سون شجرکاری مہم 2024 کا افتتاح کرتے ہوئے ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے لان میں پودا لگایا۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ملک کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے مون سون کے موسم میں زیادہ سے شجرکاری کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کاسامنا کرنے والے پہلے 10 ممالک کی فہرست میں شامل ہے ۔پاکستان ایک زرعی ملک ہے ۔ہماری زراعت موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہورہی ہے ۔ان موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہونے کیلئے عوام الناس زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان پودوں کی دیکھ بھال بھی کریں تاکہ ان کو مکمل طور پر پروان چڑھایا جاسکے ۔