یہ تاثر درست نہیں آئی پی پیز کے معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں زیادہ ہیں: اویس لغاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر توانائی اویس لغاری پھر آئی پی پیز کا دفاع کرنے لگے، انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز پالیسی مہنگی بجلی کی وجہ نہیں ہے۔

وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں آئی پی پیز سے معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں زیادہ ہیں، بجلی گھروں کا کرایہ اور قرض کی واپسی فی یونٹ بجلی کو مہنگا بنا رہی ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ آئی پی پیز معاہدوں سے پیچھے ہٹا نہیں جا سکتا، پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں کمی اصلاحات کے ذریعے ہی ممکن ہے، اصلاحات سے پاکستان میں بجلی کی قیمتیں جلد خطے کے دیگر ممالک جیسی ہو جائیں گی۔

وزیر توانائی نے کہا کہ حکومت آئی پی پیز کو نئی شرائط پر آمادہ کر رہی ہے، آئندہ ایک دو ماہ میں آئی پی پیز کے معاملے پر قوم اچھی خبر سنے گی، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کو یکطرفہ ختم یا تبدیل نہیں کریں گے، آئی پی پیز نے ڈالر میں سرمایہ کاری کی تو ڈالر میں ہی ادائیگی ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا کون سا ملک ہے جو ڈالر میں قرض لے اور واپسی مقامی کرنسی میں کرے؟
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں