چیمپئنز ٹرافی: قومی ٹیم میں پرانے کھلاڑیوں کی واپسی متوقع

لاہور: (دنیا نیوز) منی ورلڈ کپ کے نام سے مشہور آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا نواں ایڈیشن 19 فروری سے 9 مارچ 2025 تک پاکستان اور یواے ای میں کھیلا جائیگا۔

ایونٹ کیلئے ٹیموں نے اپنے سکواڈ کے اعلان کا سلسلہ شروع کردیا ہے، میزبان اور دفاعی چیمپئن پاکستان ٹیم کے سکواڈ میں 7 بیٹسمین، 4 فاسٹ باؤلرز، 3 سپنرز اور ایک وکٹ کیپر کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کپتان محمد رضوان واحد وکٹ کیپر ہوں گے، جنوبی افریقا میں ون ڈے سیریز میں دوسرے وکٹ کیپر کی حیثیت سے سکواڈ میں شامل عثمان خان چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم میں جگہ حاصل نہیں کر سکیں گے۔

فاسٹ باؤلرز میں شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف کیساتھ چوتھے فاسٹ باؤلر محمد حسنین ہوسکتے ہیں جبکہ ابرار احمد اور سفیان مقیم کیساتھ تیسرے سپنر کی حیثیت سے سکواڈ میں سابق نائب کپتان شاداب خان کی قومی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے۔

شاداب خان کو جون 2024 میں امریکا ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانیوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد قومی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا، شاداب خان کو آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کے دورے میں پاکستان ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا۔

29 سال کے بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹسمین امام الحق جنہوں نے پاکستان کیلئے 72 بین الاقوامی ون ڈے میچوں میں 48.27 کی اوسط سے 3138 رنز بنا رکھے ہیں ،چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم میں ان کی واپسی کا قوی امکان ہے، 27 اکتو بر 2023 کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں امام الحق نے جنوبی افریقا کے خلاف اپنا آخری ون ڈے کھیلا تھا۔

چیمپئنز ٹرافی سکواڈ میں جارح مزاج اوپنر فخر زمان کی بھی واپسی متوقع ہے، پاکستان کیلئے 82 بین الاقوامی ون ڈے کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے 34 سالہ فخر زمان کا پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنڑیکٹ فٹنس سے مشروط کیا ہوا ہے اور فخر زمان کو سلیکڑز نے آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا کے دوروں کیلئے منتخب نہیں کیا۔

حال ہی میں چیمپئنز ٹی 20 میں فخر زمان نے مارخورز کیلئے عمدہ سے کھیلتے ہوئے 10 میچو ں میں 30.30 کی اوسط سے 303 رنز 2 نصف سنچریوں کی مدد سے بنائے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں