ٹی 20 سیریز: قومی کرکٹرز کی آج سے سری لنکا روانگی
لاہور: (ویب ڈیسک) سری لنکا میں ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی آج سری لنکا روانگی شروع ہوگی۔
ذرائع کے مطابق فہیم اشرف، سلمان مرزا اور وسیم جونیئر آج سری لنکا روانہ ہوں گے، سکواڈ کے دیگر اراکین کل لاہور سے کولمبو کیلئے روانہ ہوں گے، بنگلادیش پریمیئر لیگ کھیلنے والے سکواڈ کے اراکین بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سمیت غیر ملکی سپورٹ سٹاف براہ راست سری لنکا پہنچے گا، غیر ملکی کوچنگ سٹاف کرسمس اور نیو ایئر کیلئے سالانہ چھٹیوں پر اپنے اپنے وطن چلا گیا تھا۔
بی بی ایل کھیلنے والے آل راؤنڈر شاداب خان آسٹریلیا سے سری لنکا پہنچ رہے ہیں، انہوں نے گزشتہ روز بی بی ایل کا سڈنی میں میچ کھیلا تھا، شاداب خان سری لنکا کے ساتھ سیریز کے بعد سڈنی تھنڈرز کو دستیاب ہوں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی 20 سیریز کے میچز 7، 9 اور 11 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔