ہندی سنیما میں تاریخ رقم! استری 2 سب سے زیادہ کمائی والی فلم بن گئی

ممبئی: (ویب ڈیسک) ہارر کامیڈی فلم استری 2 ہندی سنیما میں تاریخ کی نمبر ون فلم بن گئی، استری 2 نے کمائی کے لحاظ سے بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم جوان کو بھی پچھاڑ دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق استری 2 اس وقت ہندی ورژن میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔

اس نے ایٹلی کی فلم جوان جس میں شاہ رخ خان نے مرکزی کردار نبھایا کو پیچھے چھوڑا جس کے ہندی ورژن کی کمائی ایک اندازے کے مطابق 584 کروڑ رہی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اب ہندی ورژن میں فلم استری 2 اس بلاک بسٹر فلم سے آگے نکل گئی ہے، ایک اندازے کے مطابق اس کی کمائی 586 کروڑ روپے ہے۔

استری 2 کی پروڈکشن کمپنیوں میں سے ایک مدوک فلمز نے تصدیق کی ہے کہ یہ فلم ہندوستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے۔

دوسری جانب باکس آفس تجزیہ کار ترن آدرش کا ماننا ہے کہ فلم استری 2 نے ہندوستانی باکس آفس پر 586 کروڑ روپے کمائے، اس نے جوان (ہندی ورژن) کے لائف ٹائم بزنس کو پیچھے چھوڑ دیا اور اب اس کا اگلا ہدف 600 کروڑ کلب ہے۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں