'قومی ٹیم نے بہادری سے مقابلہ کیا'، وزیراعظم، صدر کی انگلینڈ کو جیت پر مبارکباد

لاہور: ( ویب ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو فیصلہ کن معرکے میں 5 وکٹ سے شکست دے کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

قومی ٹیم کی شکست پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ پاکستانی ٹیم نے سخت اور بہادری سے مقابلہ کیا، شاندار باؤلنگ پرفارمنس دی گئی لیکن انگلینڈ نے آج بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ اس میگا ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں جگہ بنانے پر ہمیں اپنے لڑکوں پر فخر ہے۔

 صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپ جیتنے پر انگلینڈ کو مبارک دیتا ہوں۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان ٹیم آپ نے اچھا کھیلا، کم سکور کے باوجود اچھی باؤلنگ کی اور اپنی پوری کوشش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں