نوجوانوں کے تحفظ کے لیے انسٹاگرام کے مزید 2 فیچرز متعارف

کیلی فونیا :(ویب ڈیسک )انسٹا گرام نے نوجوانوں کے تحفظ کے لیے 2 فیچرز کو زیادہ بہتر بنا کر متعارف کرا دیا۔

ان فیچرز کا مقصد میٹا کی زیرملکیت ایپ میں نوجوانوں کو دیگر افراد کی بد زبانی یا توہین آمیز سلوک سے تحفظ فراہم کرنا ہے، اس مقصد کے لیے کمپنی کی جانب سے لمٹ اور رسٹرکٹ فیچرز کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ نوجوان ایسے افراد سے بچ سکیں جو توہین آمیز سلوک کرتے ہیں۔

انسٹا گرام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ لمٹ کے ذریعے صارفین اپنی پوسٹس کو صرف قریبی دوستوں تک محدود رکھ سکتے ہیں،ایسا کرنے کے بعد وہ صرف ان افراد کے کمنٹس، ڈائریکٹ میسجز، ٹیگز اور مینشنز دیکھ سکیں گے جو ان کی کلوز فرینڈز لسٹ میں شامل ہوں گے۔

کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ دیگر فالوورز بھی ان پوسٹس پر بات کر سکیں گے مگر ان کے کمنٹس اور میسجز دیگر افراد کو نظر نہیں آئیں گے۔

واضح رہے اس طرح کا فیچر 2021 میں کریٹیرز کے لیے متعارف کرایا گیا تھا مگر اب اسے نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تبدیل کیا گیا ہے،اسی طرح رسٹرکٹ فیچر کو بھی تبدیل کیا گیا ہے،اس فیچر کے ذریعے صارفین مختلف افراد کو خود کو ٹیگ یا مینشن کرنے سے روک سکیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں