چاند کی مٹی سے پانی بنانے کا طریقہ دریافت

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی سائنسدانوں نے چاند کی مٹی سے پانی بنانے کا طریقہ دریافت کرلیا۔

معروف سائنسی جریدے دی انوویشن نے ایک رپورٹ میں دعوٰی کیا ہے کہ چینی سائنس دانوں نے چاند کی مٹی سے پانی کشید کرنے کا طریقہ وضع کیا ہے، یہ تحقیق بھی چاند پر انسان کو بسانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔

دی چائنیز اکیڈمی آف سائنس کے نِنگبو انسٹیٹیوٹ آف مٹیریلز ٹیکنالوجی اینڈ انجینیرنگ کی ایک ٹیم نے پروفیسر وانگ جُنگکیانگ کی قیادت میں چاند کی مٹی سے پانی کشید کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اِن محققین نے چاند کی سطح پر بہت بڑے پیمانے پر پانی پیدا کرنے کی حکمتِ عملی تیار کی ہے، اس کے لیے چاند کی مٹی اور اینڈوجینس ہائیڈروجن کے درمیانی کیمیائی تفاعل سے مدد لی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: چاند کی نچلی سطح پر حیرت انگیز اور قابل رسائی ’غار‘ دریافت

پروفیسر وانگ نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے چاند کی وہ مٹی استعمال کی گئی جو چینگ ای فائیو مشن کے ذریعے لائی گئی تھی، یہ کوئی مفروضے پر مبنی تجربہ نہیں تھا بلکہ چاند کی اصل مٹی بروئے کار لائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاند کی سطح پر ایسی بہت سی معدنیات پائی جاتی ہیں جن میں ہائیڈروجن مقفل ہے، پانی کی تیاری کے لیے لیونر اِلمینائٹ (FeTiO3) نمایاں ترین عامل ہے، چاند کی سطح پر پائے جانے والے اس منرل میں شمسی ہواؤں کی بدولت ہائیڈروجن بہت بڑے پیمانے پر موجود ہے۔

آئینوں کی مدد سے انتہائی گرم کیے جانے پر چاند کی ایک گرام پگھلی ہوئی مٹی سے 51 تا 76 ملی گرام پانی پیدا کیا جاسکتا ہے، اس سے یہ ثابت ہوا کہ چاند پر ایک ٹن مٹی سے 50 کلوگرام پانی پیدا کیا جاسکتا ہے۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں