مغرور حکمرانوں کے دن گنے جا چکے، عمران خان اگلے وزیراعظم ہوں گے: وقاص اکرم
پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ مغرور حکمرانوں کے دن گنے جا چکے، عمران خان اگلے وزیراعظم ہوں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت سے یہ خوفزدہ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب دھمکیاں دے رہی ہیں، محترمہ گھس بیٹھیے کہتی ہیں، گھس بیٹھیے وہ ہیں جو فارم 47 سےآئے، پنجاب حکومت کی ناکامیوں کی ایک لمبی کہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ظلم اور جبر بند کرے، مسلم لیگ (ن) نےہمیشہ ڈیل کی، بانی پی ٹی آئی ڈیل نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کےبیان کے بعد ہماری تشویش بڑھ گئی ہے، ہماری لیگل ٹیم اس معاملے کو دیکھ رہی ہے، یہ ذہن میں رکھیے گا بانی کے خلاف سازش برداشت نہیں ہوگی، عوام آپ کا وہ حشرکریں گے آپ سوچ بھی نہیں سکیں گے۔
پی ٹی آئی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے دوران چارممبران سے ہمارا رابطہ نہیں ہورہا تھا، چاروں اراکین اسمبلی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شوکاز دیئے گئے، چار میں سے 3 اراکین کا جواب آیا ہے پارٹی دیکھے گی، تحریک انصاف میں قائد صرف عمران خان ہیں۔