لبنان میں اسرائیلی حملے جاری ، حزب اللہ کے کمپاؤنڈ پر حملہ

بیروت : (ویب ڈیسک ) لبنان میں اسرائیلی فوجی حملے جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے صیدا شہر میں حزب اللہ کے ایک کمپاؤنڈ پر بمباری کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقوں پر کئی فضائی حملے کیے، صیدا کے علاقے میں اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے "سید الشہداء" کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حملے میں کمپلیکس کے سامنے تین عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ جنوبی لبنان میں صورحرفہ کے علاوہ حنین، عیتا الشعب اور خیام کے قصبوں پر بھی حملے کیے ہیں۔

ان اسرائیلی فضائی حملوں میں کفر تبنیت قصبے کو نشانہ بنایا گیا اور نبطیہ الفوقہ قصبے پر دو مقامات پر بمباری کی گئی۔

عرب نامہ نگاروں کا بتانا ہے کہ لبنانی فضائی حدود میں میزائل حملوں میں دھماکے ہوئے ہیں ، شمالی اسرائیلی سرحدی بستیوں میں سائرن سنائی دیے۔

ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے عیتا الشعب کے علاقے میں حزب اللہ کے کمانڈر  حسن عقیل جواد  اور الرضوان فورس کے بعض ارکان کو گرفتار کیاہے۔

اس سے قبل آج اسرائیلی فوج نے 16 جنوبی قصبوں کے رہائشیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے گھر خالی کر دیں۔

یہ حملے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو متعدد وزراء اور فوجی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہوں کے ساتھ سفارتی رابطوں پر بات چیت کریں گے تاکہ لبنان میں جنگ ختم کرنے پر غور کیا جا سکے۔

لبنانی وزارت صحت کے مطابق 23 ستمبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہادتوں کی تعداد 1700 سے زیادہ ہو چکی ہے۔


 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں