بانی سے ملاقات کا مطالبہ جائز، مشاورت پر اعتراض نہیں،عرفان صدیقی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان کا بانی سےملاقات کا مطالبہ جائز ہے، پی ٹی آئی ارکان کی بانی سے مشاورت پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ مذاکراتی کمیٹیوں کی خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی، ہماری توقع تھی آج تحریری مطالبات لے کر آئیں گے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے تبایا کہ پی ٹی آئی ارکان نے کہا بانی سے ملاقات کرائی جائے، ہم نے پی ٹی آئی ارکان سے بانی سے ملاقات کے لیے سہولت فراہم کرنے کا کہا ہے، ہم توقع رکھتے ہیں اگلی نشست میں تحریری مطالبات لے کر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا جاری رہنا بھی ایک بڑی پیشرفت ہے، مذاکرات ایک ہفتہ آگے کرنا حکومت نہیں پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے، ہم نے پی ٹی آئی ارکان سے کوئی مطالبہ نہیں کیا، پی ٹی آئی ارکان نے الیکشن، 26 ویں ترمیم سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ کیس جرائم کی نوعیت پر بنتے ہیں، 26 نومبر کو واقعات ہوئے اس لیے کیسز بنے، ایسی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ کسی پر کوئی کیس نہیں بنے گا۔