پاکستان انڈر19 ٹیم نے زمبابوے کو ہرا کر ٹرائی نیشن سیریز جیت لی

ہرارے: (دنیا نیوز) پاکستان نے زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دیکر انڈر 19 ون ڈے ٹرائی نیشن سیریز جیت لی۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 158 رنز کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر16.2 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا، پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس 114 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انکی اننگز میں 17 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں، محمد شایان نے 38 رنز بنائے۔

قبل ازیں ہرارے میں ہونیوالے انڈر 19 ون ڈے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میچ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے انڈر 19 ٹیم 44.4 اوورز میں 158 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

زمبابوے کی جانب سے مائیکل بلگناٹ 60رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ، بینی زوزے نے 16اور لیروئے چیوولا نے 15رنز بنائے، ٹیٹینڈا چیموگورو 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ زمبابوے کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے۔

پاکستان کی جانب سے عمر زیب نے 4 ، عبدالسبحان نے 2 جبکہ محمد صیام، دانیال علی خان اور احمد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں