اوکاڑہ: کانسٹیبل نے فائرنگ کرکے ایس ایچ او کو گولی مار کر زخمی کر دیا، ملزم گرفتار
اوکاڑہ: (دنیا نیوز) کانسٹیبل نے فائرنگ کرکے ایس ایچ او ستگھرہ کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔
واقعہ کے بعد کانسٹیبل موقع سے فرار ہو گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے اس کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی تھیں، جنہوں نے ملزم کانسٹیبل کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا، ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے بتایا کہ ملزم کو تفتیش کے لئے حوالات میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن ملک داؤد کی سربراہی میں ایک ٹیم واقعے کے اصل حقائق سامنے لانے کے لئے کام کر رہی ہے، ذرائع کے مطابق ایس ایچ او ستگھرہ کے پیٹ میں فائر لگنے کے بعد انہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے خود جا کر عیادت کی اور ڈاکٹر سے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
پولیس نے ملزم کانسٹیبل عبداللہ کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا جبکہ محکمانہ کارروائی بھی جاری ہے، پولیس کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعہ کے اصل محرکات اور حقائق سامنے آئیں گے۔