اپوزیشن اتحاد کا مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر جاری دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر نے کہا ہے کہ جب تک ہمارے کسی عہدیدار کی عمران خان سے ملاقات نہیں ہوجاتی، دھرنا جاری رکھا جانا چاہیے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے بھی کہا کہ ہمارا دھرنا جاری ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا جب تک عمران خان سے کوئی پارٹی عہدیدار نہیں ملتا ہم دھرنا جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کے بعد ذاتی معالجین بتائیں گے حالت کیسی ہے: بیرسٹر گوہر

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے بتایا کہ آج اپوزیشن کی میٹنگ میں علامہ ناصرعباس اور بیرسٹرگوہر نے پارلیمنٹیرینز کو بریف کیا، پارٹی کی مرکزی کی قیادت کی مشاورت جاری ہے، ہمارا مطالبہ ہےکہ بانی پی ٹی آئی سے اپنے معالج کی ملاقات کروائی جائے، اگرہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے تو دھرنا مسلسل جاری رہے گا۔

سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا خیبرپختونخوا ہاؤس کےباہر بھی پی ٹی آئی رہنما دھرنا جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد کے احتجاج کا آج چوتھا روز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: علاج کے بعد بانی پی ٹی آئی کی بینائی بہتر ہونے لگی، میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی

دوسری جانب بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے آنکھوں کےمعائنہ سے متعلق میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا معائنہ 15 فروری 2026 کو کیا گیا، پروفیسرز پر مشتمل ماہر امراضِ چشم کے میڈیکل بورڈ نے مائنہ کیا، میڈیکل بورڈ میں الشفاء ٹرسٹ آئی اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اورپمز اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں