امریکی اسلحہ ساز کمپنیوں کا جدید ہتھیاروں کی پیداوار 4 گنا بڑھانے پر اتفاق
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی اسلحہ ساز کمپنیوں نے جدید ہتھیاروں کی پیداوار 4 گنا بڑھانے پر اتفاق کر لیا۔
امریکی صدر ٹرمپ کہتے ہیں امریکی دفاع کمپنیوں نے جدید ہتھیاروں کی تیاری بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، امریکا کے پاس کم درجے کے ہتھیاروں کا تقریبا لامحدود ذخیرہ ہے، کم درجے کے ہتھیار ایران جنگ میں استعمال ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے سب کچھ کھو دیا ہے، اپنی بحریہ کھو دی ہے، جو کچھ کھو سکتے تھے، وہ سب کھو دیا ہے، امریکہ کے لئے ایران میں فوج اتارنا وقت کا ضیاع ہوگا۔
امریکی ٹی وی سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کی موجودہ قیادت کا صفایا چاہتے ہیں، ایران کے پاس ایک اچھا لیڈر ہو، ہمارے پاس کچھ لوگ ہیں جو اچھا کام کر سکتے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا تھا کہ ایرانی کرد تہران کے خلاف جنگ میں شامل ہوں، ایرانی کرد جنگ کے پھیلتے ہی ایران پر حملہ کریں۔
اس سے پہلے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ سب سے پہلے ایران کو ختم کرنا چاہتے ہیں، لڑائی میں ایران سے زیادہ سنجیدہ ہیں، ایرانی سفارتکاروں سے پناہ لینے کی اپیل کرتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا جلد ایسے اقدامات کرے گا جس سے تیل کی قیمتوں کا دباؤ کم ہو۔
قبل ازیں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کا اگلا رہنما امریکا طے کرے گا، وینزویلا کی طرح ایران میں بھی نئے رہنما کے انتخاب کیلئے کردار ادا کریں گے، ایران نے جانشین مقرر کرنے کی کوشش کی تو اپنا وقت ضائع کرے گا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ خامنہ ای کا بیٹا مجتبیٰ خامنہ ای ناقابل قبول ہے، خامنہ ای کی پالیسیاں جاری رکھنے والے کسی لیڈر کو قبول نہیں کریں گے۔