خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 13 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ 5 مختلف جھڑپوں میں بھارتی حمایت یافتہ 13 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انسداد دہشت گردی کی مسلسل مہم کے تحت انٹیلی جنس کی بنیاد پر تیز رفتار کارروائیوں کا ایک سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
ضلع باجوڑ میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
اسی طرح بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں دو دیگر مقابلوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 3 خوارج کو کامیابی سے ہلاک کیا گیا۔
اسی دوران خیبر اور جنوبی وزیرستان کے اضلاع میں دو الگ الگ جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے مزید 5 خوارج کو بھی ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، مارے جانے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔
خیال رہے کہ سکیورٹی فورسز کی یہ کارروائیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنی سرحدوں پر درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کر رہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنے عزم میں پختہ اور غیر متزلزل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہیں، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کی مسلسل مہم پوری رفتار کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔