خواتین کو انصاف کی رسائی میں اب بھی کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے: چیف جسٹس پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کی خواتین قومی ترقی اور استحکام کا بنیادی ستون ہیں، آئین پاکستان خواتین کو قانون کے سامنے مکمل مساوات کی ضمانت دیتا ہے۔

خواتین کے عالمی دن پر چیف جسٹس نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ عدلیہ کی آئینی ذمہ داری ہے، خواتین کو انصاف تک رسائی میں اب بھی کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے، دیہی اور محروم طبقات کی خواتین کو انصاف کے نظام میں مشکلات درپیش ہیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ عدلیہ صنفی حساس انصاف کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہی ہے، خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے عدالتی اصلاحات کا نیا ایجنڈا تیار کیا ہے، 2026-27 میں صنفی حساس انصاف عدالتی اصلاحات کا مرکزی حصہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی عدالتوں میں خواتین سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے، خواتین کیلئے مفت قانونی معاونت اور ہیلپ لائن قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

چیف جسٹس نے خاندانی تنازعات کے حل کیلئے مصالحتی نظام کو مضبوط بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ایک منصفانہ معاشرہ خواتین کو وقار اور مساوات دینے سے بنتا ہے، قانون کی حکمرانی کی اصل طاقت کمزور طبقات کے تحفظ میں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں