وزیراعظم کی پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی کیخلاف سخت اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ کے حوالےسے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کم آمدنی والے طبقات کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں ریلیف پہنچانے کے حوالےسے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعظم کو متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اہم اقدامات کئے اور آئندہ بھی غریب طبقے کو ریلیف کے لئے اقدامات جاری رہیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کے لئے وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور بچت کے مختلف اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپے کا ریلیف دیا
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی با قاعدگی سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ نے شرکت کی۔
وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔