پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا بڑا اچھا آغاز ہوا ہے، گوہر شاہ
لاہور: (دنیا نیوز) ملطان سلطانز کے اونر گوہر شاہ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا بڑا اچھا آغاز ہوا ہے۔
گوہر شاہ نے کہا ہے کہ اسٹیو اسمتھ، پیٹر سڈل اور محمد نواز کے تجربے اور ٹم پین کی بہترین کوچنگ کی بدولت ٹیم متوازن ہوئی ہے، شان مسعود بھی بہترین کھیل پیش کر رہا ہے، ہم نے اسے رول کلیریٹی دی ہے اور نائب کپتان بھی مقرر کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم لاہور قلندرز سے کافی بہتر ہے مگر 13 اوورز کے میچ میں ہم اپنی غلطیوں کی وجہ سے ہارے، اگلی دفعہ اگر لاہور قلندرز سے ٹاکرا ہوا تو دونوں ٹیموں میں زمین آسمان کا فرق ہوگا، جب سے ٹورنامنٹ شروع ہوا ہے تو بطور اونر میرا رول کافی کم ہوگیا ہے، اس وقت میں ٹیم کے ساتھ بطور مینیجر اور ڈیٹا اینالسٹ کام کر رہا ہوں ۔
انہوں نے کہا ٹیم مینجمنٹ اور ڈیٹا اینالسیز کے لئے میں اپنے کرکٹ کے تجربے اور اپنی تعلیم کی وجہ سے کوالیفائی کرتا ہوں۔
گوہر شاہ کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کے فینز ہماری فیملی کی طرح ہیں، اسی وجہ سے جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کا نام اپنی ٹریننگ شرٹس کے پیچھے لکھوایا ہے، پورے جنوبی پنجاب کی ایک ہی ٹیم ہے اور ہم نے ان کے لیے اچھی کرکٹ کھیلنی ہے، میری کوشش یہی ہے کہ میں پاکستان کرکٹ کے لیے کچھ کروں، کھلاڑیوں کی مائنڈ سیٹ تبدیل کروں۔
اونر ملطان سلطانزنے کہا ہے کہ ٹیم کا سودا گھاٹے کا ہو یا منافع کا، پاکستان کرکٹ کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہوں۔