بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے دائر درخواست خارج، 10 ہزار روپے جرمانہ
راولپنڈی :(دنیا نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے دائر درخواست پر عدالت نے اہم فیصلہ جاری کر دیا۔
عدالت نے درخواست غیر ضروری اور فضول قرار دیکر خارج کردی اور درخواست گزار پر 10 ہزار روپے بھی جرمانہ عائد کردیا۔
عدالت نے درخواست گزار کو 10 ہزار روپے جرمانہ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی ڈسپینسری جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ یہ جرمانہ غریب مریضوں کے علاج پر خرچ کیا جائے گا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک نے آج 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی سے ملاقات کیلئے درخواست دائر کی تھی،اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کا طریقہ کار اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی طے کرچکی ہے، ٹرائل کورٹ ملاقاتوں پر کوئی متضاد حکم جاری نہیں کرسکتی۔
دوسری جانب عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ بانی پی ٹی آئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت پر ہیں جوڈیشل تحویل میں نہیں، ملاقات کے لیے اس قبل بھی اسی نوعیت کی دو درخواستیں دائر کی گئی ہیں، متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے بجائے درخواست گزار عدالت کا وقت ضائع کر رہا ہے۔